• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

2 دن میں جیل گزارنے والے سلمان کا ممبئی میں شاندار استقبال

شائع April 8, 2018
دبنگ ہیرو مداحوں کے پیار کا جواب دیتےہوئے—فوٹو: اے ایف پی
دبنگ ہیرو مداحوں کے پیار کا جواب دیتےہوئے—فوٹو: اے ایف پی

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں میں ہے۔

اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جب انہیں سیاہ نایاب ہرن کے شکار کرنے کے 20 سال پرانے کیس میں 5 اپریل کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوئی تو بھارت بھر میں احتجاج دیکھے گئے۔

سلمان خان کو سزا دیے جانے پر راجستھان سے لے کر مدھیہ پردیش اور گجرات سے لے کر مہارا شٹر تک ان کے مداحوں نے احتجاج کیے جب کہ اداکار و اہم شخصیات بھی ان کے حق میں بولتی نظر آئیں۔

جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے 7 اپریل کو سلمان خان کو ضمانت پر رہا کیا گیا، جس کے بعد وہ گزشتہ روز شام کو ہی خصوصی طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچے، جہاں لاکھوں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے منتظر تھے۔

سلمان خان اپنے بھانجے، خصوصی محافظ شیرا اور والد کے ساتھ مداحوں کو جواب دیتے ہوئےفوٹو: اے ایف پی
سلمان خان اپنے بھانجے، خصوصی محافظ شیرا اور والد کے ساتھ مداحوں کو جواب دیتے ہوئےفوٹو: اے ایف پی

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اگرچہ ہزاروں افراد نے 2 دن اور ایک رات جیل میں گزارنے والے سلمان خان کا استقبال کیا، تاہم وہ مداحوں اور ساتھی اداکاروں کے بجائے اپنے بھانجے کے لیے پریشان نظر آئے۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے جیل سے نکلنے اور ممبئی پہنچنے کے بعد سب سے پہلے اپنے بھانجے ایک سالہ اہل سے گلے ملے۔

اداکارہ کترینہ کیف سلمان سے ملنے کے لیے آتے ہوئے—فوٹو: مناو منگل انسٹاگرام
اداکارہ کترینہ کیف سلمان سے ملنے کے لیے آتے ہوئے—فوٹو: مناو منگل انسٹاگرام

اہل ان کی منہ بولی بہن ارپیتا خان کا بیٹا ہے۔

سلمان خان کے ساتھ اپنا خصوصی محافظ ’شیرا‘ بھی ساتھ ساتھ دکھائی دیا، جو جودھپور میں ان کی جیل یاترا اور وہاں سے رہائی کے بعد بھی ان کے آگے پیچھے گھومتا نظر آیا۔

گھر پہنچنے کے بعد سلمان خان نے لاکھوں مداحوں کو اپنی جھلک دکھائی اور اپنے گھر کی بالکونی سے باہر نکل کر ان کی محبت کا قرض اتارا۔

ادکاارہ ڈیزی شاہ سلمان سے ملنے کے لیے ان کی رہائش گاہ آتے ہوئے—فوٹو: مناو منگل انسٹاگرام
ادکاارہ ڈیزی شاہ سلمان سے ملنے کے لیے ان کی رہائش گاہ آتے ہوئے—فوٹو: مناو منگل انسٹاگرام

سلمان خان کے ممبئی پہنچنے کے بعد کترینہ کیف، ڈیزی شاہ، ملائکہ ارورا، ہما قریشی، جیکولین فرنانڈس، ورون دھون اور ثاقب سلیم سمیت کئی اداکار ان سے ملنے کے لیے بھی آ پہنچے۔

تاہم سلو بھائی نے تمام خوبرو اداکاراؤں اور اداکاروں کو نظر انداز کرتے ہوئے سب سے پہلے اپنے بھانجے کو گلے لگایا اور 2 دن قید کے بعد ملنے والی آزادی کا جشن منایا۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے راجستھان کے ضلع جودھپور کے سینٹرل جیل میں 2 دن اور ایک رات گزاری۔

سلمان خان کو جودھپور کی ٹرائل عدالت نے سیاہ ہرن کے شکار کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 اپریل کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

سلمان خان کو 5 اپریل سے 7 اپریل کی شام تک جیل میں رکھا گیا۔

سلمان خان نے جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔

سیشن کورٹ نے سلمان خان کو 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دی، جب کہ 7 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے سلمان خان کو کورٹ کی اجازت کے بغیر بیرون ملک دورہ کرنے سے بھی روک دیا۔

دوسری جانب سلمان خان کو ضمانت ملنے کے خلاف راجستھان کے بشنوئی قبیلے نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

یہ وہ ہی قبیلہ ہے جس نے سلمان خان کے خلاف 1998 میں ہرن کا شکار کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا اور اسی قبیلے کے افراد اداکار کے خلاف عینی گواہ بنے ہوئے ہیں۔

سلمان خان نے تھکاوٹ کے باعث مداحوں سے آرام کے لیے وقت دینی کی اپیل بھی کی—فوٹو: اے ایف پی
سلمان خان نے تھکاوٹ کے باعث مداحوں سے آرام کے لیے وقت دینی کی اپیل بھی کی—فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024