پی آئی اے میں خواتین پائلٹس کا کوٹہ 10 فیصد مختص کرنے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) میں پائلٹس کی بھرتیوں کے لیے خواتین کا 10 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ کے جج جسٹس فرخ عرفان خان نے پی آئی اے میں پائلٹس کی بھرتیوں کے لیے خواتین کا کوٹہ نظر انداز کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی اور اس اقدام کو کالعدم قرار دے دیا۔
عدالتی حکم پر ریکروٹمنٹ مینجر پی آئی اے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: سوا ارب خسارے پر پی آئی اے کا اسلام آباد-نیویارک روٹ بند
لاہور ہائی کورٹ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی آئی اے میں پائلٹس کی بھرتیوں میں خواتین کوٹہ نظر انداز کرنے کے اقدام کو کالعدم اور خواتین کا کوٹہ 10 فیصد مختص کرنے کا حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے کومل ظفر کی 15 مارچ 2018 کو دائر کی جانے والی درخواست پر 16 مارچ کو پہلی سماعت کی تھی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت نے پی آئی اے میں پائلٹ بھرتیوں کو تاحکم ثانی روک دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باجود بھرتیوں کا عمل نہیں روکا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری کا منصوبہ منظور
درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ پائلٹس کی بھرتیوں میں خواتین کا کوٹہ مختص نہیں کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ خواتین کوٹہ مختص کیے بغیر پائلٹس کی بھرتیاں کالعدم قرار دی جائیں۔
کومل ظفر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالتی حکم عدولی پر ذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔