’کچھ بھی ہوجائے نواز شریف سے صلح نہیں ہوسکتی‘
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے کسی صورت میں صلح نہیں ہو سکتی۔
گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی 39ویں برسی کے موقع پر منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے میاں صاحب میں برداشت کا مادہ کتنا ہے، وہ اپوزیشن بھی خود کرتے ہیں اور حکومت بھی، جبکہ اب وہ اپنے آر اوز کے الیکشن بھی نہیں مان رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چیئرمین سینیٹ کے لیے رضا ربانی کی حمایت بھی نواز شریف کی ایک چال تھی، وہ تو اچھا ہوا رضا ربانی ہمارے ساتھ کھڑے رہے، نواز شریف سیاسی آدمی نہیں اس لیے سیاست چھوڑ دیں، پیپلز پارٹی نواز شریف سے سیاست چھڑوا کر رہے گی۔‘
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’کچھ بھی ہوجائے نواز شریف سے صلح نہیں ہو سکتی اور ان سے جنگ جاری رہے گی اور لمبی جنگ ہوگی، 40 سال کا حساب لیں گے اور اس بار پنجاب میں بھی وزیر اعلیٰ لائیں گے چاہیں کسی سے بھی اتحاد کرنا پڑے۔‘
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی جمہوریت کو اب نہیں بچائیں گے، آصف زرداری
عوام کو اس سے کوئی غرض نہیں کس کو کیوں نکالا، بلاول
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف کو سیاست میں 32 سال جبکہ عمران خان کو 22 سال ہو گئے لیکن دونوں آج بھی ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں اور ایک دوسرے کو اقتدار کے لیے نیچا دکھا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چین کے ساتھ سی پیک کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی تھی جبکہ نواز شریف ضیاء الحق کے وارث ہیں، عوام کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ کس کو کیوں نکالا گیا، عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی نے عدالتوں سے کبھی جنگ نہیں کی، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں یہ ہماری میراث ہیں جبکہ آئندہ عام انتخابات میں بھی فتح حاصل کر کے ظلم، غربت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑیں گے۔‘