• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاک ویسٹ انڈیز سیریز: دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل

شائع April 2, 2018 اپ ڈیٹ April 4, 2018

کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کا دوسرا مارکہ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں گرین شرٹس نے ریکارڈ ساز فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان نے میچ میں 143 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی اور رنز کے اعتبار سے یہ ٹی20 کی دوسری بڑی فتح ہے، سب سے بڑی فتح کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس ہے جس نے کینیا کو 172 رنز سے شکست دے کر یہ عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

تاہم یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ یہ آئی سی سی کے کسی بھی دو فل ممبر ممالک کے درمیان ہونے والے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے بڑی فتح ہے۔

پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے جبکہ میچ کے دوران کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے ہیں اور 17 ہزار اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں 3 سو خواتین کے ساتھ 6 ہزار پولیس اہلکار شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان، ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز کیلئے ٹریفک پلان

میچ کے دوران سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی تمام سڑکیں بند کی گئیں جبکہ اسٹیڈیم کے اندر کی سیکیورٹی رینجرز اہلکاروں کے سپرد کی گئی ہے اور سیکیورٹی کے پیش نظرشائقین کوکسی بھی قسم کا آتش گیرمادہ، سگریٹ، لائٹر، دوربین اور سیاسی پرچم ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں جبکہ خواتین سے پرس گھر پر چھوڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق شائقین اپنے ساتھ موبائل فون اور پاور بینک اسٹیڈیم میں لے جاسکتے ہیں جبکہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو ٹکٹس کے ساتھ اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ سی سی ٹی وی اور ہائی ریزولوشن کیمروں کی مدد سے نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ پارکنگ ایریا کی بھی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور تمام پارکنگ ایریا میں دس دس واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ٹی20 میں پاکستان نے کئی ریکارڈز بنا دیے

پہلے ٹی ٹوئنٹی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹر حسین طلعت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آنے پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ویسٹ انڈیز کی ٹیم کمزور نہیں بلکہ آج ہم اچھا کھیلے، اور اچھی کارکردگی پر اللہ کے شکرگزار ہیں‘۔

حسین طلعت کا کہنا تھا کہ اپنےآپ کو خوشقسمت سمجھتا ہوں اور کرکٹ کی واپسی پرٹیم کا حصہ بننے پرکافی خوش ہوں۔

ادھر ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان جیسن محمد کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں، بیٹسمینوں نے غلط شاٹس کھیل کر جلد وکٹیں گنوائیں۔

جیسن محمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی تیم مثبت سوچ کیساتھ دوسرے میچ کیلئے میدان میں اترے گی۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں زیادہ نوجوان کرکٹرز ہیں اور اس وقت تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہورہی ہے۔

میچ کے دوران ٹریفک پلان

ٹریفک پولیس کے مطابق میچز کے روز شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ گاڑیوں کو ڈرگ روڈ اور وہاں سے راشد منہاس روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی سڑک بند رکھی جائے گی۔

تاہم ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق آج کے میچ کے دوران نیپا سے جیل چورنگی جانے کے لیے یونیورسٹی روڈ کھلی رہے گی، جبکہ یہ سڑک گزشتہ میچ کے دوران ٹریفک کے لیے بند کردی گئی تھی۔

اسی طرح حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگی اور لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر تک ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوگی، جبکہ گزشتہ میچ کے دوران یہ سڑک بھی بند کردی گئی تھی۔

میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے جن میں گلشن اقبال کا حکیم سعید گراؤنڈ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور سنڈے بازار گراؤنڈ شامل ہے۔

ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گرانڈ میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ رکھی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024