اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب میں زلزلے کے جھٹکے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، مینگورہ، چترال اور گرد و نواح میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے جھٹکے پنجاب کے منڈی بہاؤ الدین اور اس کے مضافات جبکہ جہلم کی تحصیل پنڈدادن خان میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 230 کلو میٹر زیر زمین تھی۔
زلزلے کا مرکز تاجکستان اور افغانستان کی سرحدی پٹی تھی۔
یاد رہے کہ رواں سال 31 جنوری کو بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں عمارات گرنے کے باعث ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں محسوس کیے گئے۔
جنوری 2018 کے دوران کوہ ہندو کش ریجن میں 17 بار زلزلہ آیا جبکہ اس کی شدت 3.2 سے لے کر 6.2 ریکارڈ کی گئی، سب سے شدید زلزلہ 31 جنوری کو ریکارڈ کیا گیا۔