80سال بعد انگلش آفیشل فٹبال ورلڈ کپ سے باہر
زیورخ: فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے رواں برس روس میں شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے آفیشلز کا اعلان کر دیا اور فٹبال کی تاریخ میں 80 سال بعد کسی برطانوی ریفری کو منتخب نہیں کیا گیا۔
ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا جس میں عالمی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
فٹبال کی ورلڈ گورننگ باڈی نے جون میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے 36 ریفری اور 63 اسسٹنٹ ریفریز کا اعلان کر دیا تاہم انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ سے کسی ریفری کا انتخاب نہیں کیا گیا جبکہ وڈیو اسسٹنٹ ریفریز کا چناؤ ٹورنامنٹ میں پول آف آفیشلز سے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وڈیو اسسٹنٹ ریفری پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں خدمات سر انجام دے گا جبکہ یہ 80 برس بعد پہلا موقع ہے کہ کوئی برطانوی ریفری ایونٹ کا حصہ نہیں ہو گا۔
آخری مرتبہ 1938 میں منعقدہ ایونٹ کے بعد دوسری جنگ عظیم کی وجہ سے 12 سال ورلڈ کپ منعقد نہیں ہو سکا تھا تاہم 1950 سے 2014 تک منعقدہ ہر ایونٹ میں کم از کم ایک برطانوی ریفری شامل رہا ہے۔