• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کردیا گیا

شائع March 29, 2018

بلوچستان میں تقریباً تمام قانون سازوں پر مشتمل نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا اعلان کردیا گیا۔

نئی سیاسی جماعت کا اعلان کوئٹہ میں سینیئر رکن پارلیمنٹ اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سابق رہنما سعید احمد ہاشمی نے پریس کانفرنس میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے آئین اور منشور پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سب ساتھیوں نے مل کر نئی پارٹی بنانے کا سوچا تھا جس کے بعد اس فیصلے پر عمل در آمد کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئےعہدیداروں کے چناؤ کے بعد پارٹی کو رجسٹر کرایا جائے گا تاہممرکزی ترجمان کے لیے انوار الحق کاکڑ کو منتخب کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت بنانے کیلیے تیاریاں مکمل

سعید احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ تلخ فیصلہ کرنا پڑا ہے لیکن ہم مسلم لیگ کی سوچ سے جدا نہیں ہورہے ہیں ہم بس ایک نئے نعرے کے ساتھ آئیں گے۔

پارٹی کے نئے ترجمان انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت پاکستان کی عوام کے معاشی اور سیاسی حقوق پر کام کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ گھر ہے جس کو کسی نے بھی توڑنے کی کوشش کی تو سب سے پہلے بلوچستان کی غیور عوام اپنی جان کا نذرانہ پیش کریں گے اور اس جنگ کو سیاسی طور پر بلوچستان عوامی پارٹی لے کر چلے گی۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) سے بغاوت کے بعد نئی حکومت قائم کرنے والے گروپ کے اہم رہنما اور صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے نئی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی پارٹی عام روایتی پارٹیوں سے مختلف ہوگی۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے موجودہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے اراکین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وزیراعلیٰ نواب ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی درخواست جمع کرادی تھی جس کو ایوان میں پیش کرنے سے پہلے ہی اس وقت کے وزیراعلیٰ نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

بعد ازاں اس گروپ کی جانب سے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والےعبدالقدوس کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ مقرر کرکے نئے کابینہ تشکیل دی تھی جس میں سرفراز بگٹی کو وزیرداخلہ برقرار رکھا گیا تھا۔

رواں ماہ ہونے والے سینیٹ کے انتخابات میں صوبائی حکومت کے اراکین نے اپنے امیدواروں کو منتخب کیا تھا اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مدد سے اپنے سینیٹر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024