’چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان پر وزیر اعظم معافی مانگیں‘
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے حوالے سے بیان کو ’ پارلیمان کی توہین‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے بیان پر معافی مانگیں۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کے بعد ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان سے پہلی بار منتخب ہونے والے چیئرمین سینیٹ کے خلاف وزیر اعظم کا اس طرح کا بیان ان کے منصب کے مطابق نہیں۔
مزید پڑھیں: ایوان بالا میں سینیٹروں کے ایمان کو خریدا گیا، شاہد خاقان عباسی
واضح رہے کہ اتوار کو لاہور اور ننکانہ صاحب میں مختلف تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخابات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ایوان بالا کے لیے مشترکہ چیئرمین کی ضرورت ہے جو وفاق کی عکاسی کرسکے۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام لگایا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹ کو خریدا گیا اور ایسے اقدام سے ملک کی عزت نہیں ہوتی اور نہ ہی اس طرح کے انتخابات کی کوئی عزت ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں، شاہد خاقان عباسی
ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سینیٹ وفاق کی نمائندگی کرتا ہے اور وزیر اعظم کے بیان سے بلوچستان کے عوام کو افسوس ہوا ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف صادق سنجرانی کی حمایت جاری رکھے گی اور سینیٹ کے خلاف کسی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنے گی۔
خیال رہے کہ اس بیان کے بعد کچھ ٹی وی چینلز کی جانب سے یہ رپورٹ کیا گیا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ملاقات کی درخواست کو وزیر اعظم نے مسترد کردیا، تاہم سینیٹ سیکریٹریٹ نے وضاحت جاری کی تھی، جس میں دعویٰ کیا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نے اس طرح کی کوئی درخواست نہیں کی۔
یہ خبر 27 مارچ 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی