'بلیک پینتھر' سب سے کامیاب سپر ہیرو فلم
'بلیک پینتھر' کو کئی حوالوں سے تاریخ ساز فلم قرار دیا گیا تھا، جیسے پہلی بار کسی سیاہ فام کو سپر ہیرو کا روپ دیا گیا، بہترین اوپننگ ویک اینڈ بزنس اور دیگر۔
اب اس فلم نے سب سے زیادہ کمانے والی سپرہیرو فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے، کم از کم امریکی باکس آفس پر تو یہ اب سب سے اوپر ہے۔
مزید پڑھیں : سیاہ فام سپر ہیروز فلم'بلیک پینتھر' کا منفرد اعزاز
اس ہفتے جمعے سے اتوار تک مارول اسٹوڈیوز کی اس فلم کی جانب سے 16.6 ملین ڈالرز بزنس کی توقع ہے، جس سے اس کا شمالی امریکا میں بزنس 630.9 ملین ڈالرز تک پہنچ جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں یہ بزنس ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کے قریب ہوگا۔
اس طرح یہ فلم ایوینجرز کو پیچھے چھوڑ دے گی، جس نے 2012 میں مئی سے ستمبر تک 623.3 ملین ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
بلیک پینتھر کی کامیابی کافی حیران کن ہے کیونکہ ایوینجرز مارول کی پہلی ایسی فلم تھی جس میں متعدد سپرہیروز کو ایک جگہ اکھٹا کیا گیا تھا اور اس نے مارول سینما یونیورس کی مقبولیت کو عروج پر پہنچا دیا تھا۔
ایوینجرز کی پہلی فلم کے بعد مارول سینما یونیورس کی 11 فلمیں ریلیز ہوئیں ، جن میں کیپٹن امریکا: سول وار جیسی فلم بھی شامل تھی، مگر کوئی بھی پہلی ایوینجرز فلم کے قریب تک نہیں پہنچ سکی، یہاں تک کہ ایوینجرز کی دوسری فلم ایج آف الٹرون بھی 459 ملین ڈالرز کا بزنس کرسکی۔
یہ بھی پڑھیں : 2018 میں ایک کھرب روپے سے زائد کمانے والی پہلی فلم
مگر بلیک پینتھر نے یہ کمال کر دکھایا اور اس فلم نے محض 6 ہفتے کے اندر ہی ایوینجرز کو امریکا باکس آفس پر بزنس کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مگر یہ ریکارڈ کب تک برقرار رہتا ہے، یہ بھی کافی بڑا سوال ہے، کیونکہ ایوینجرز سیریز کی نئی فلم انفٹنی وار اگلے ماہ ریلیز ہورہی ہے۔
اس فلم میں مارول کے تمام 18 سپرہیروز کو ایک جگہ اکھٹا کیا جارہا ہے۔
اس سے ہٹ کر بھی مارول یونیورس کے تمام بڑے کردار نئی ایوینجرز فلم کا حصہ ہوں گے اور لوگوں کے اندر ابھی سے اسے دیکھنے کا اشتیاق بڑھ رہا ہے۔
انفٹنی وار کو بلیک پینتھر کی کامیابی سے بھی فائدہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ اس فلم کا بڑا حصہ بھی بلیک پینتھر کی خیال ریاست میں ہیروز اور ولن کے درمیان مقابلے کی شکل میں دکھایا جائے گا۔