• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آسٹریلوی کپتان کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں بال ٹمپرنگ کا اعتراف

شائع March 25, 2018
اسمتھ اور بینکرافٹ نے پریس کانفرنس میں اعتراف کرتے ہوئے تفصیل بتادی—فوٹو:اے ایف پی
اسمتھ اور بینکرافٹ نے پریس کانفرنس میں اعتراف کرتے ہوئے تفصیل بتادی—فوٹو:اے ایف پی

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے تیسرے میچ میں ناکامی سے بچنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت بال ٹیمپرنگ کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم نے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ممکنہ شکست کے پیش نظر گیند کو خراب کرنے کے لیے بلےباز کیمرون بینکرافٹ کو چنا جنھوں نے تیسرے روز پیلے رنگ کی چیز سے منصوبے پر عمل درآمد کیا لیکن انھیں کیمروں کی مدد سے پکڑ لیا گیا۔

کیمرون بینکرافٹ نے امپائرز کے سامنے بیان سے قبل ہی گیند کو خراب کرنے کے لیے استعمال کی گئی چیز کو چھپایا تاہم ویڈیومیں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے گیند کو منصوبہ بندی کے ساتھ خراب کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'ٹیم کے سنیئر گروپ کو معلوم تھا اور ہم نے کھانے کے وقفے میں اس حوالے سے بات کی تھی لیکن مجھے اس واقعے پر فخر نہیں ہے جو گیم کی روح کے عین مطابق نہیں ہے'۔

اسمتھ نے اس منصوبہ بندی میں شامل دیگر سینئر کھلاڑیوں کے نام نہیں بتائے۔

اسمتھ کا کہنا تھا کہ 'ہم نے اس حوالے سے بات کی تھی اور خیال تھا کہ مشکل سے نکلنے کا یہ ممکنہ راستہ ہے جو ایک خراب کوشش تھی جس پر ہم شدید نادم ہیں'۔

بینکرافٹ نے نیولینڈز میں نصب بڑی اسکرین پر بال ٹیمپرنگ کو بار بار دیکھانے پر اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے ایک موقع نظر آیا تھا کہ ایک ٹیپ کو استعمال کروں اور گیند کی شکل کو تبدیل کروں تاکہ وکٹ پر کامیابی ملے لیکن اس میں کامیابی نہیں ہوئی'۔

میچ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسمتھ نے واضح کیا کہ وہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سے مستعفی نہیں ہوں گے۔

اسمتھ اور بینکرافٹ کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں مختلف پہلووں سے بال ٹیمپرنگ ہوتی ہے۔

بینکرافٹ کا کہنا تھا کہ وہ گیند کو خراب کررہے تھے تو 'غلط وقت میں غلط جگہ پر تھے اور میں اس وقت سخت پریشان تھا کیونکہ سینکڑوں کیمرے ارد گرد تھے جو ہمیشہ ایک رسک ہوتا ہے'۔

اسمتھ کا کہنا تھا کہ اس منصوبہ بندی میں کوچ کا کوئی کردار نہیں تھا اور نہ ہی انھیں اس حوالے سے معلومات تھیں تاہم دیگر کھلاڑیوں کے حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کیا لیکن ماضی میں ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں کے گروپ میں نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور باؤلرز ناتھن لیون، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا جاتا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا بطور کپتان بال ٹیمپرنگ کا یہ واقعہ پہلی مرتبہ پیش آیا ہے۔

امپائرز کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے تاہم میچ انتظامیہ اور زمبابوے سے تعلق رکھنے والے ریفری اینڈی پیکرافٹ واقعے کی فوٹیج دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میزبان جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 294 رنز درکار تھے اور ان کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024