• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’پی ٹی آئی، پی پی پی کی مہربانی سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا‘

شائع March 17, 2018

کراچی: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مہربانی سے ہی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے۔

مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹ برابری کی بنیاد پر ہے، اور ہماری ابتداء سے ہی یہ خواہش تھی کہ سینیٹ چیئرمین کا انتخاب روٹیشن کی بنیاد پر ہو اور چاروں صوبوں سے متفقہ رائے پر ایوانِ بالا کا چیئرمین آنا چاہیے تاکہ سب سے ساتھ برابری کی بنیاد پر انصاف ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم بلوچستان سے نہیں آسکتا لیکن سینیٹ وہ واحد ادارہ ہے جہاں برابری کی بنیاد پر چیئرمین آسکتے ہیں۔

ایوانِ بالا کے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی جانب سے قائم کیے جانے والے ایوانِ بالا کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا سیاسی سفر

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نو منتخب چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ انہوں سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو خطوط لکھ دیے ہیں، تاہم ان کے جواب موصول ہونے کے 7 روز کے اندر اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔

صادق سنجرانی نے بلوچستان میں علیحدگی پسند گروہوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب صوبے میں یہ ایسے معاملات کی شرح بہت کم رہ گئی ہے۔

نو منتخب چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ’میں ناراض بلوچ بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، جبکہ ہم ان کے لیے قانون سازی کریں گے اور ان کے لیے روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان میں یہ مسئلہ موجود ہی نہیں ہے اور صوبہ اب پہلے سے بہت بہتر ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کیلئے پی پی پی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں‘

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ایک آزاد امیدوار کی حمایت کرنا ملک کے لیے نیک شگون ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ’چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ان پر مہربانی کی اور یقین دلایا کہ وہ سینیٹ چیئرمین کے لیے ہمیں ووٹ دیں گے‘۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اس موقع پر کہا کہ سیاست میں اتحاد ہونا کوئی حیرانگی کی بات نہیں کیونکہ سیاست میں ایسے اتحاد ہوتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دیگر سیاسی جماعتیں بھی اس اتحاد کا حصہ بنیں گی، اور یہ اتحاد کم نہیں ہوگا، بلکہ بڑھے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024