• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نقیب اللہ کیس: راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے مزید 2 روز کی مہلت

شائع March 16, 2018

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ماورائے عدالت از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اے ڈی خواجہ کو نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور سابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے 19 مارچ تک کی مہلت دے دی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ماورائے عدالت ازخود نوٹس کی سماعت کی جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور دیگر حکام سمیت نقیب اللہ کے اہل خانہ بھی پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران آئی جی سندھ کی جانب سے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ راؤ انوار کے فرار ہونے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تھی، تاہم وہ فوٹیج واضح نہیں اور ہمیں مزید فوٹیج درکار ہیں جس کے حصول کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

چیف جسٹس نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ آپ راؤ انوارہ کی گرفتاری کے لیے عدالت کا سہارا کیوں نہیں لے رہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ یہ سوال ان سے پوچھنا چاہیے کہ وہ عدالت میں پیش کیوں نہیں ہورہے۔

اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ بات ناکامی کی نہیں ہے کامیابی کے لیے سب کی کوششیں جاری ہے۔

آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ راؤ انوار کے بیرون ملک فرار ہونے سے متعلق شواہد نہیں ملے تاہم اس بارے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: نقیب قتل کیس میں سینئر پولیس افسر اور کانسٹیبل گرفتار

اس موقع پر اے ڈی خواجہ کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے مزید مہلت دی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے آئی جی سندھ کو پیر تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 19 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔

نقیب اللہ کے والد کی میڈیا سے گفتگو

نقیب اللہ کے والد محمد خان محسود نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ اس کیس کی تفتیش کر رہے ہیں تاہم راؤ انوار آج بھی پیش نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: نقیب اللہ کو ’جعلی انکاؤنٹر‘ میں مارا گیا، تحقیقاتی کمیٹی کا انکشاف

انہوں نے راؤ انوار سے ڈیل ہونے کی باتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں سراسر بے بنیاد ہیں اور ہم نے نقیب اللہ کے سر کے بال کے برابر بھی کوئی رقم نہیں لی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وقت تک عدالتوں میں پیش ہوتے رہے گے جب تک راؤ انوار گرفتار نہیں ہوجاتے۔

نقیب اللہ کا قتل

خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نقیب اللہ کو گزشتہ ہفتے ایس ایس پی راؤ انوار کی جانب سے مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہ لطیف ٹاؤن کے عثمان خاص خیلی گوٹھ میں مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے ہیں، جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے اس وقت الزام لگایا گیا تھا کہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے افراد دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث تھے اور ان کے لشکر جنگھوی اور عسکریت پسند گروپ داعش سے تعلقات تھے۔

اس واقعے کے بعد نقیب اللہ کے ایک قریبی عزیز نے پولیس افسر کے اس متنازع بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مقتول حقیقت میں ایک دکان کا مالک تھا اور اسے ماڈلنگ کا شوق تھا۔

مزید پڑھیں: راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس اداروں سے مدد طلب

نقیب اللہ کے قریبی عزیز نے بتایا تھا کہ رواں ماہ کے آغاز میں نقیب اللہ کو سہراب گوٹھ پر واقع کپڑوں کی دکان سے سادہ لباس افراد مبینہ طور پر اٹھا کر لے گئے تھے جبکہ 13 جنوری کو پتہ چلا تھا کہ اسے مقابلے میں قتل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مقتول اس سے قبل بلوچستان میں حب چوکی پر ایک پیٹرول پمپ پر کام کرتا تھا اور اس کے کسی عسکریت پسند گروپ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

از خود نوٹس کیس کی اب تک کی سماعت

واضح رہے کہ 19 جنوری کو چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار نے کراچی میں مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے میں نقیب اللہ محسود کے قتل کا از خود نوٹس لے لیا۔

23 جنوری کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کا از خود نوٹس کیس کے لیے مقرر کرتے ہوئے راؤ انوار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس سے 7 روز میں واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

26 جنوری کو نقیب اللہ محسود سمیت 4 افراد کے قتل کی تفتیش کرنے والی ٹیم نے 15 صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی جس میں مقابلے کو یک طرفہ قرار دیا گیا تھا۔

27 جنوری کو سپریم کورٹ نے معطل سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کی گرفتاری کے لئے انسپکٹر جنرل (آئی جی ) سندھ اللہ ڈنو خواجہ کو 3 دن کی مہلت دی تھی۔

یکم فروری کو عدالت نے راؤ انوار کا پیغام میڈیا پر چلانے پر پابندی لگاتے ہوئے ملزم کی تلاش کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو انٹرپول کے ذریعے دنیا بھر کے ایئرپورٹس سے رابطہ کرنے کا حکم دے دیا۔

13 فروری کو سپریم کورٹ نے راؤ انور کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی جبکہ ان کی گرفتاری عمل میں نہ لانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں 16 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

16 فروری کو راؤ انوار حفاظتی ضمانت کے باوجود عدالت عظمیٰ میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے راؤ انوار کو عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر توہین عدالت کا شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے خفیہ ایجنسیوں کو ان کی تلاش کا حکم دیا تھا۔

5 مارچ کو عدالت عظمیٰ نے ملیر راؤ انوار کو تلاش کرنے سے متعلق خفیہ ایجنسیوں کو ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

14 مارچ کو راؤ انوار نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر اپنے بینک اکاؤنٹ کھولنے کی استدعا کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024