مارننگ شو میں خوبصورت سے بدصورت بنانے کا انوکھا مقابلہ
پاکستان کے مارننگ شوز میں مقابلے منعقد کرنا کوئی نئی بات نہیں، لیکن حالیہ دنوں میں ان شوز کے درمیان میک اپ مقابلوں کا اہتمام بھی ہونے لگا ہے۔
اگرچہ زیادہ تر میک اپ مقابلوں کا مقصد ماڈلز کو خوبصورت اور دلفریب بنانا ہوتا ہے، تاہم ہم ٹی وی کے مارننگ شو ’جاگو پاکستان جاگو‘ میں ایک انوکھا میک اپ مقابلہ منعقد کیا گیا۔
صنم جنگ کی میزبانی میں نشر ہونے والے ’جاگو پاکستان جاگو‘ مارننگ شو میں ’میرا میک اپ ہے کمال‘ نامی میک اپ مقابلے کا مقصد ان میک اپ آرٹسٹوں کو مالی مدد فراہم کرنا ہے، جو اپنی محنت سے گھر کے اخراجات چلا رہی ہیں۔
’میرا میک اپ ہے کمال‘ کا مقابلہ مختلف راؤنڈز اور ٹاسک پر مشتمل ہے، جس کا فائنل راؤنڈ ہونا ابھی باقی ہے، تاہم مقابلے کے تیسرے روز انوکھا مقابلہ منعقد کیا گیا۔
14 مارچ کو نشر ہونے والے مارننگ شو میں میک اپ آرٹسٹوں کو خوبصورت اور قدرے گوری ماڈلز کو سیاہ رنگت میں تبدیل کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔
میک اپ آرٹسٹوں کو ماڈلز کو دلہن کے روپ میں گہری رنگت کا میک اپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا اور اس دوران پروگرام میں ’حبشی اور مکرانی‘ جیسے الفاظ استعمال کیے جاتے رہے۔
مارننگ شو کی میزبان صنم جنگ اور مقابلے کی ججزکا کردار ادا کرنے والی امبر اور فریدہ اس دوران میک اپ آرٹسٹ کو بار بار یہ کہتے ہوئے نظر آئیں کہ ماڈلز کو انتہائی خوبصورتی سے سیاہ یا گہرے رنگت کی دلہن میں تبدیل کرنا ہے، انہیں ایسا میک اپ کرنا ہے کہ وہ حبشی یا مکرانی کی طرح نظر آئیں۔
اس دوران یہ خیال بھی رکھا گیا کہ ماڈلز کو گورے سے سیاہ رنگ میں تبدیل کرنے کے مقابلے میں ان کے لیے نامناسب الفاظ استعمال نہ کیے جائیں، تاہم ’حبشی اور مکرانی‘ جیسے الفاظ استعمال کیے جاتے رہے۔
یہ الفاظ خصوصی طور پر گہری یا سیاہ رنگت کے افریقی نژاد افراد کے لیے نامناسب انداز میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
حیران کن طور پر گوری ماڈلز کو سیاہ رنگ میں تبدیل کرنے کے بعد بھی پروگرام میں شامل ججز، میزبان اور سیٹ پر موجود افراد ماڈلز کو خوبصورت قرار دے رہی تھیں۔
پروگرام کے آخر میں ماڈلز کو خوبصورتی سے بدصورت کرنے میں ناکام ہونے والی 2 میک اپ آرٹسٹوں کو مقابلے سے باہر کردیا گیا۔
واضح رہے کہ مارننگ شو کے اس سے پہلے والے پروگراموں میں بھی میک اپ آرٹسٹوں کو مختلف ٹاسک دیے گیے تھے۔