• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف فیصلوں کی منظوری

شائع March 14, 2018
— فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی
— فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ جرائم کی روک تھام کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

کابینہ نے فاٹا اور پاٹا میں خوردنی تیل و گھی کی تیاری کے لیے خام مال کی درآمد پر سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی۔

کابینہ نے ہدایت کی کہ بجٹ سفارشات کی تیاری کے وقت ٹیکسوں میں ردوبدل کے معاملے پر غور کیا جائے۔

اجلاس میں حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کے درمیان جرائم کی روک تھام کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) میں کمشنرز کی خالی اسامیوں پر تعیناتیوں کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے ’سول ری وژن بل 2018‘ کو محدود کرنے کے حوالے سے قانونی مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں 1973 کے انتظامی قوانین (رولز آف بزنس) میں ترامیم کی منظوری دی، ان ترامیم میں شیڈول تھری میں ’حج و عمرہ ڈائریکٹوریٹ‘ کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ذیلی محکمہ کے طور پر شامل کرنے اور ’قومی زبان کے فروغ کے محکمہ‘ اور ’نیشنل لائبریری آف پاکستان‘ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے ذیلی محکمہ کے طور پر شامل کرنا شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران ’پاکستان حلال اتھارٹی‘ کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈویژن میں شمولیت کی بھی منظوری دی گئی۔

اسی طرح نیشنل فرٹیلائزر ڈویلپمنٹ سینٹر (این ایف ڈی سی) کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات سے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ میں منتقلی سمیت رولز آف بزنس میں مختلف ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے پاکستان انوائرمینٹل پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچرل کنسلٹنٹ لمیٹڈ کی موسمیاتی تبدیلی ڈویژن سے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ڈویژن میں منتقلی کی منظوری بھی دی۔

اجلاس کے دوران ’انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بہاولپور بل 2018‘ کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے ’سرچ کمیٹی‘ قائم کرنے کی منظوری دی۔

کمیٹی میں ہیلتھ سروسز، تعلیم و تربیت اور کیڈ کے وفاقی وزراء، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر اور ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو شامل کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024