• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خانیوال: سوتیلی ماں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کی کوشش، باپ ہلاک

شائع March 13, 2018

صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں بیٹے کی فائرنگ سے 60 سالہ باپ محمد اشفاق ہلاک ہوگیا۔

پولیس تھانہ سٹی نے واقع کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا کہ خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے علاقے ایچ ٹاؤن میں ملزم تیمور نے سوتیلی ماں کو مبینہ طور پر کسی اجنبی شخص کے ساتھ غیر اخلاقی حالت میں دیکھ کر شور شرابہ کیا تاہم نامعلوم شخص اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ اسی دوران دوسری حویلی میں موجود ملزم کا والد محمد اشفاق شور شرابہ سن کر آگیا، بیٹے نے کمرے سے 30 بور کا پسٹل اٹھایا اور وہ جیسے ہی مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کرنے کے لیے سوتیلی والدہ کے پاس پہنچا تو اس کے والد محمد اشفاق نے قتل کرنے سے روک دیا۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر والدین کے ہاتھوں حاملہ بیٹی قتل

پولیس کے مطابق ملزم کا والد اپنی اہلیہ 30 سالہ نسیم بی بی اور اپنے 23 سالہ بیٹے کے درمیان آکر کھڑا ہوگیا تاہم ملزم تیمور نے سوتیلی والدہ کو نشانہ بناکر فائرنگ کی مگر والد محمد اشفاق گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم، والد کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، بعد ازاں پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے واقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میاں چنوں منتقل کردیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے مقتول کے قریبی عزیز کے گھر پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: میاں چنوں: غیرت کے نام پر 3 بچوں کی ماں قتل

گرفتاری کے بعد ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور پولیس نے ملزم سے 30 بور کا پسٹل بھی برآمد کر لیا۔

پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024