• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ایئرلائنز کو سگریٹ نوشی پر عائد پابندی پرعمل درآمد کی ہدایت

شائع March 9, 2018 اپ ڈیٹ July 11, 2020

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کی تمام ایئرلائنز کو دوران پرواز جہاز میں سگریٹ نوشی پر پابندی کو یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاک پٹ عملے کی یہ خلاف ورزی انتہائی خطرناک ہے۔

سی اے اے کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ کیپٹن عارف مجید نے ایک خط کے ذریعے کاکپٹ میں سگریٹ نوشی پر عائد پابندی کی یاد دہانی کرادی ہے کہ کاکپٹ عملے اور مسافر دونوں کی جانب سے جہاز کے اندر دوران پرواز یا اس سے قبل سگریٹ نوشی منع ہے۔

انھوں نے خط میں تحریر کیا ہے کہ 'پی سی اے اے کی جانب سے مسلسل یادہانی کے باوجود کاکپٹ میں سگریٹ نوشی میں مزید اضافہ ہورہا ہے'۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ آرڈیننس 2002 کے تحت عوامی مقامات میں سگریٹ نوشی پر پابندی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ 'دوران پرواز یہ سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے اور قانون کے مطابق جرم ہے'۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دوران پرواز کاکپٹ کا عملہ سگریٹ نوشی میں ملوث پایا گیا تو اس کا لائسنس تین ماہ کے لیے معطل کردیا جائے گا اور دوسری مرتبہ غلطی کی صورت میں کاکپٹ عملے کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

عارف مجید نے بین الاقوامی سیفٹی انسپکٹر (سافا) کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دوران پرواز پاکستانی پائلٹ سگریٹ نوشی کے مرتکب ہوئے ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی رپورٹس سے دنیا بھر میں پاکستانی پائلٹس کی بدنامی ہوگی اور پاکستانی جہازوں کے حوالے سے منفی تاثر کی ایک خاص وجہ یہ بھی ہے۔

سی اے اے نے ائرلائنز کو سگریٹ نوشی پر عائد پابندی پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قواعد کی خلاف وزری کی صورت میں کارروائی کو شامل کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024