• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

سری لنکا: پرتشدد واقعات پر قابو پانے کیلئے ’فیس بک‘ پر پابندی

شائع March 7, 2018
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: سری لنکا میں مسلم اقلیت کے خلاف حملوں کو روکنے کے لیے حکومت نے ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد ملک بھر میں سوشل میڈیا ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر بھی پابندی عائد کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایات جاری کی گئیں وہ ملک بھر میں ’فیس بک‘ جبکہ کینڈی کے تشدد زدہ ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردیں۔

پولیس کی طرف سے خبردار کیا گیا تھا کہ حملوں آور سوشل میڈیا کو لوگوں کو مسلمانوں پر تشدد کے لیے بھڑکانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جس کے بعد حکومت نے کمپنیوں کو ہدایت جاری کی۔

سری لنکا میں ایمرجنسی کے باوجود بد کے روز مشتعل ہجوم نے ملک کے وسطی ضلع میں مسلمانوں کے کاروباری مراکز کو آگ لگائی۔

کینڈی میں پرتشدد کارروائیوں کو روکنے کے لیے پولیس کے ساتھ فوج بھی تعینات کردی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود مسلمانوں کی املاک اور مساجد کو نذرآتش کرنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا: بدھ مت پیروکاروں کا روہنگیا مہاجرین کیمپ پر حملہ

پرتشدد واقعات کے باعث متاثرہ ضلع میں شام کے وقت لگائے جانے والے کرفیو میں جمعرات کی شام تک توسیع کردی گئی ہے۔

کشیدہ صورتحال کے باعث کینڈی میں اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

ضلع کے کئی علاقوں میں کرفیو پر عمل نہ کرنے والوں کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جس دوران مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

حکومتی ترجمان راجیتھا سینارتنے نے بدامنی پھیلانے والوں کو سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پرتشدد واقعات منظم سازش کی وجہ سے پیش آرہے ہیں، ہم نے حملوں کے پیچھے موجود 4 افراد کی نشاندہی کر لی ہے، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو سوشل میڈیا کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کو گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سری لنکا: مذہبی فسادات میں ملوث 49 افراد گرفتار

پولیس کے ترجمان رووان گوناسیکرا کے مطابق گزشتہ رات کینڈی کے مضافاتی علاقے مینیکِھنا مشتعل افراد سے جھڑپ میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

سری لنکا میں حکومت کی جانب سے پولیس اور فوج کو گرفتاری اور حراست میں لینے کے وسیع اختیارات کے بعد غیر ملکی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو سفری تنبیہ جاری کردی ہے۔

اقوام متحدہ نے سری لنکا میں کشیدگی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر امن کی بحالی کے لیے تمام تر اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024