پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا
پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جاسوس ڈرون ایل او سی کے مقام چری کوٹ سیکٹر کے قریب گرایا گیا۔
بھارتی جاسوس ڈرون نے پاکستانی فضائی حدود اور ایل او سی کی خلاف ورزی کی جس پر اسے گرایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے گرائے جانے والے ڈرون کے ملبے کو قبضے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: رکھ چکری سیکٹر میں پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا
واضح رہے کہ تین سالوں کے دوران پاک فوج کی جانب سے گرائے جانے والا یہ چوتھا بھارتی ڈرون ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں بھی پاک فوج نے ایل او سی کے قریب رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔
نومبر 2016 میں بھارتی ڈرون کنٹرول لائن پر پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر آگیا تھا، جسے پاک فوج کی آگاہی پوسٹ نے نشانہ بنا کر مار گرایا۔
مزید پڑھیں: پاک فوج نے ہندوستانی ڈرون مار گرایا
قبل ازیں جولائی 2015 میں بھی پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی حدود میں موجود ہندوستانی جاسوس طیارے کو مار گرایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جاسوس طیارے کو فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب بھمبر علاقے میں گرایا۔ طیارہ فضا سے پاکستانی علاقوں کی فوٹو گرافی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔