سینیٹ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کی سینیٹر آبدیدہ ہوگئیں
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی سبکدوش ہونے والی سینیٹر نسرین جلیل سینیٹ اجلاس کے دوران الوداعی خطاب کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر نسرین جلیل نے سینیٹ میں چھ سال کے دوران چیئرمین اور دیگر ارکان کے تعاون پر ان کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رہنما کی اپنے خطاب کے دوران آنکھیں بھر آئیں۔
مزید پڑھیں: ‘رکن صوبائی اسمبلی شازیہ فاروق نے خودکشی کی کوشش نہیں کی‘
چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے ایوان بالا کی کارروائی اور انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن کی حیثیت سے شاندار اور بے مثال کام کیا۔
واضح رہے کہ 3 فروری کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کے صرف ایک امیدوار فروغ نسیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ ایوان بالا میں رواں ہفتے 11 مارچ کو 52 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔
11 مارچ کو ایم کیو ایم پاکستان کے 4 سینیٹرز ریٹائر ہوں گے جن میں نسرین جلیل بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایم کیو ایم پاکستان برائے فروخت نہیں‘
ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کے اعزاز میں آج سینیٹ میں اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں تمام سینیٹرز نے اپنے اظہار خیال کیا۔
اس سے قبل چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینیٹ اجلاس کے دوران پارلیمانی کارروائی کے حوالے سے چیف جسٹس کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ماتحت عدالتوں کو بھی پارلیمنٹ کے متعلق ایسے ہی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اجلاس کے دوران سبکدوش ہونے والے پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سپریم کورٹ کے فیصلوں اور بیانات سمیت موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’چیف جسٹس آف پاکستان قسم کھا کر کہتے ہیں کہ میرا سیاسی ایجنڈا نہیں، مجھے ان کے قسم کھانے پر تشویش ہو رہی ہے‘۔
خالی ہونے والی نشستوں پر رواں ہفتے ہونے والے انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان سے صرف ایک سینیٹر منتخب ہوسکا۔