آرمی چییف نے گوادر میں پینے کے پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے گوادر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں پینے کے پانی کا منصوبہ متحدہ عرب عمارات (یو اے ای) اور سوئٹزرلینڈ حکومت کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔
پلانٹ سے ابتدائی بنیادوں پر 44 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جائے گا، تاہم یہ پلانٹ 88 لاکھ گیلن تک یومیہ پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پانی صاف کرنے والا یہ منصوبہ 6 سے 8 ماہ میں مکمل ہو گا، جس سے گوادر کے مقامی افراد سمیت مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت دور ہو گی۔
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے پاک فوج بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپورتعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت سول حکومت کے تعاون سے تمام منصوبے ترقی اور قیام امن کے لیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام منصوبے بلوچستان کے عوام کے لیے نہ صرف مفید ثابت ہوں گے بلکہ بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں تبدیلیاں بھی لائیں گے۔
منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں پر وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر، سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور مقامی افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے بلوچستان کے دورے کے دوران بلوچ کلچر ڈے کے سلسلے میں مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت بھی کریں گے۔