جھانوی کپورکا والدہ کے انتقال کے بعد جذباتی پیغام
گزشتہ ماہ 24 جنوری کی رات کو دبئی میں حادثاتی طور پر پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے ہلاک ہونے والی بولی وڈ سپر اسٹار اداکارہ سری دیوی کی بیٹٰی کے جذبات سے بھرے پیغام نے سب کو رونے پر مجبور کردیا۔
سری دیوی کی نوجوان اور بڑی بیٹی جھانوی کپور نے اپنی والدہ کے انتقال کے ایک ہفتے بعد انسٹاگرام پر جذباتی اور پیار سے بھرا پیغام شیئر کیا، جسے پڑھتے ہی کئی آنکھیں نم ہوگئیں۔
20 سالہ جھانوی کپور نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے پیغام میں مداحوں کو مداحوں کو اپنے والدین سے محبت کرنے، ان کا خیال رکھنے اور ان کی قدر کرنے کی گزارش کی۔
جھانوی کپور نے اپنے جذباتی پیغام کا آغاز ہی اپنی والدہ کے انتقال کے بعد محسوس ہونے والے خالی پن سے کرتے ہوئے لکھا کہ ’والدہ کے انتقال کے بعد وہ خود کو تکلیف میں محسوس کر رہی ہیں کیوں کہ اب وہ جان چکی ہیں کہ انہیں والدہ کے بغیر ہی زندہ رہنا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: سری دیوی کی آخری رسومات
جھانوی کپور نے لکھا ہے کہ وہ آنکھیں بند کرتی ہیں تو انہیں اپنی والدہ کی بہترین اور پیار کرنے والی باتیں یاد آتی ہیں، وہ اپنی والدہ کی صرف وہ ہی باتیں یاد کرتی ہیں جن میں کوئی حسد، کسی سے کوئی اختلاف اور کسی سے کوئی شکایت نہ ہوتی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ ان کی والدہ کبھی بھی کسی سے حد اور کسی سے اختلاف رکھنے جیسے معاملات کو سمجھ نہیں پاتی تھیں، وہ صرف محبت کرتی تھیں۔
ساتھ ہی جھانوی کپور نے مداحوں سے یہ گزارش بھی کی کہ ان کی والدہ اور والد کے تعلقات کو منفی نہ سمجھا جائے، بلکہ ان کے رومانوی تعلقات کو صحیح طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔
جھانوی کپور کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ان کی والدہ اور والد کے درمیان لازوال محبت تھی اور ان کی محبت امر ہے، کیوں کہ اس دنیا میں اس کے سوا کچھ بھی امر نہیں۔
مزید پڑھیں: سری دیوی، موت کا باتھ ٹب اور بھارتی میڈیا
خیال رہے کہ جھانوی کپور آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بڑی بیٹی ہیں، وہ جلد ہی فلموں میں نظر آئیں گی۔
سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور ہیں، جو فی الحال تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
سری دیوی کے شوہر بونی کپور نامور فلم پروڈیوسر ہیں، جب کہ اداکار انیل کپور اور سنجے کپور آنجھانی اداکارہ کے دیور تھے۔
اداکار ارجن کپور آنجھانی اداکارہ کے سوتیلے بیٹے اور بونی کپور کے بڑے بیٹے ہیں۔
سری دیوی 24 فروری کی رات 9 بجے کے بعد دبئی کے معروف امیریٹس ٹاور ہوٹل کے باتھ ٹب میں اس وقت نہانے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہوئیں، جب وہ شوہر کے ساتھ کھانا کھانے کے لیے تیار ہو رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہوٹل میں سری دیوی کے ساتھ آخری 15 منٹ میں کیا ہوا؟
ان کے شوہر بونی کپور بھی اسی ہوٹل کے کمرے میں موجود تھے، جس کمرے کے باتھ روم کے ٹب میں اداکارہ ڈوبنے سے ہلاک ہوئی تھیں۔ سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور کے بڑے بھتیجے کی شادی میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھیں۔
ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی، تاہم بعد ازاں پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے پتہ چلا کہ ان کی موت باتھ ٹب کے پانی میں ڈوبنے سے ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کر رکھی تھی، جس وجہ سے نہانے کے دوران بے ہوش ہوگئیں۔
ان کی لاش 28 فروری کی رات دبئی سے ممبئی لائی گئی تھی، جہاں یکم مارچ کو ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔