• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید

شائع February 28, 2018
—فوٹو:آئی ایس پی آر
—فوٹو:آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کی دوسری جانب سے آزادکشمیر کے علاقے بھمبر سیکٹر میں کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک آرمی کے دوجوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بھمبر سیکٹر کے جنوبی ضلعے میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دوجوان شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہید ہونے والے دونوں جوانوں کا تعلق آزاد کشمیر کے دو مختلف اضلاع تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونےوالے 28سالہ سپاہی عامرحسین ضلع بھمبر کی تحصیل سمہانی کے رہائشی تھے۔

دوسرے شہید 32 سالہ محمد منیر چوہان کا تعلق ضلع حویلی کے علاقے رکھ چکری کے گاؤں کہوٹہ سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری جاں بحق

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور بھارتی پوسٹ میں بھی بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔

جوابی کارروائی میں پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو تباہ کر دیا گیا۔

یاد رہے یہ بھارتی فوج کی جانب سے 24 فروری کو نکیال سیکٹر کے گاؤں تورٹی نڑھ میں شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

ایک روز قبل ہی نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے ایک نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 15 فروری کو آزاد کشمیر کے بٹل سیکٹر میں اسکول کی وین پر شیلنگ سے وین کے ڈرائیور جاں بحق ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 335 سے زائد مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 15 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری جاں بحق

بھارتی فوج کی جانب سے 6 فروری کو بٹل اور اس کے گردو نواح میں بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ بھارت نے سب سے زیادہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی گزشتہ برس کی اور ایک سال کے دوران 1970 مرتبہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024