• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

‘انتخابات میں پنجاب بیوروکریسی کی تعیناتی قبول نہیں‘

شائع February 26, 2018

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف برسرِ احتجاج پنجاب بیوروکریٹس کی عبوری حکومت کے دوران عام انتخابات میں تعیناتی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق سربراہ احد خان چیمہ کی گرفتاری پر صوبائی بیوروکریسی سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں بشمول قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق اور وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

یہ پڑھیں: لیگی حلقوں میں احد چیمہ کی گرفتاری پارٹی کیلئے ‘سازش’ قرار

لاہور کی احتساب عدالت نے 22 فروری کو احد خان چیمہ کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے گورنمنٹ آفیسرز ریزیڈنس (جی او آر) میں پنجاب کے تمام اضلاع کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹینٹ کمشنرز کو طلب کرکے بند کمرہ اجلاس کیا جس میں کہا گیا کہ وہ اس وقت تک انتظامی امور شروع نہیں کریں گے جب تک خفیہ ایجنسیوں، سیاستدانوں اور عدالتوں کے ہاتھوں ان کے سینئرز کی توہین کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے بتایا کہ ’اس ضمن میں پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا جائے گا جس میں انتخابات کے دوران احتجاج میں شامل بیوروکریٹس کو انتخابی عمل کا حصہ نہ بنانے کی درخواست کی جائے گی۔‘

فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کرنے والے افسران نے اپنے پیشہ وارانہ ضابطہ اخلاق اور ہمیشہ جانبدار رہنے کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: احد چیمہ کی گرفتاری کےخلاف بینرز آویزاں

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے حمایتی یافتہ بیورو کریٹس انتخابی عمل کے دوران ملک کے کسی بھی حصے میں قبول نہیں کیے جائیں گے‘۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آفتاب سلطان کے ذریعے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کا ہدف دیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان 35 دن کی عوامی مہم کا آغاز 4 مارچ کو کراچی کے تین اضلاع کے دورے سے شروع کریں گے جو لاہور میں اختتام پذیر ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کو انتخابی مہم کے دوسرے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’نواز شریف نے وفاق، شہباز شریف نے صوبے میں اپنا نظام بنایا ہوا ہے‘

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پارٹی کو کنسٹریکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفسر فیصل سبحان کے لاپتہ ہونے پر سخت تحفظات ہیں تاہم ان کی بازیابی کے لیے سپریم کورٹ جائیں گے۔

واضح رہے کہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف کیا تھا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بیرون ملک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر بھاری کمیشن منتقل کیا گیا۔


یہ خبر 26 فروری 2018 کو ڈان اخبارمیں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024