صومالیہ: دو کار بم دھماکوں میں 38 افراد ہلاک
افریقی ملکی صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق شہر کی مرکزی ایمبولنس سروس ’امین‘ کے اہلکار نے بتایا کہ ’ہم نے کم از کم 38 افراد کی لاشوں کو دیکھا ہے۔‘
دونوں کار بم دھماکوں میں صدارتی محل اور ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق پہلا کار بم دھماکا صدارتی محل کے قریب سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر ہوا جس کے بعد حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔
کچھ دیر بعد ہی دوسرے کار بم دھماکے کے ذریعے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صومالیہ: ہوٹل میں دھماکے سے 18 افراد ہلاک
دہشت گرد گروپ ’شہاب‘ نے اپنے آن لائن بیان میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ حملوں میں حکومت اور سیکیورٹی سروسز کو ہدف بنایا گیا۔
حکام کے مطابق مرکزی حملے میں بارودی مواد سے بھری گاڑی کا استعمال کیا گیا، جو سیکیورٹی چیک پوائنٹ کو عبور کر کے صدارتی محل کی طرف جانا چاہتی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ایسا نہیں ہونے دیا۔
سیکیورٹی افسر عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو ان کے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا، وہ اہم اہداف کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن وہ ان کے قریب بھی نہیں جاسکے، جبکہ فورسز نے ان میں سے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
واضح رہے کہ صومالیہ میں یہ بم دھماکے کئی ہفتوں تک امن قائم رہنے کے بعد ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: صومالیہ:خوفناک بم دھماکے میں 231 افراد ہلاک، 275 زخمی
شباب، صومالیہ کی بین الاقوامی حمایہ یافتہ حکومت کو ختم کرنا چاہتی ہے اور گزشتہ سال اکتوبر میں اس نے سب سے زیادہ خونی بم حملہ کیا تھا، جس میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
دہشت گرد گروپ کے حالیہ حملوں کے بعد صومالیہ کی حکومت نے اس کے خلاف اقدامات بڑھانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ امریکی ڈرون حملوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔