کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ: فرنٹیئر کورپس (ایف سی) نے آپریشن رد الفساد کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور 11 کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی اہلکاروں نے کوٹئہ، سبی اور کاہان میں کارروائیاں کیں اور دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ باردو کی بھاری کھیپ برآمد کرلی۔
یہ پڑھیں: بلوچستان میں 470 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں سے برآمد اسلحے میں آر پی جی راکٹس، سب مشین گنز، مائنز اور گولہ بارود شامل ہے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 2015 اور 2016 میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 470 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
بلوچستان کے محکمہ داخلہ اور قبائلی معاملات کے ذرائع کے مطابق اس عرصے میں سیکیورٹی فورسز کے انکاؤنٹرز اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران کوئٹہ اور صوبے کے دیگر حصوں میں 100 سے زائد دہشت گرد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
خیال رہے کہ رواں ماہ بلوچستان کی صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلرز سے نمٹنے کے لیے 400 اہلکاروں پر مشتمل ایگل فورس قائم کی۔
کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا تھا کہ شہر سے دہشت گردی کا صفایا کرنے کے لیے پولیس کو تربیت دینے اور منظم کرنے کی کوششیں کی ہیں۔
آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ہمیں کوئٹہ میں دہشت گردی کی 150 دھمکیاں موصول ہوئیں اور 'ان دھمکیوں سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے طریقہ کار پر کام جاری تھا'۔
دہشت گردی کے حوالے سے سرکاری ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2017 میں بلوچستان میں 279 فرقہ وارانہ اور مذہبی تشدد کے واقعات میں 242 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔