ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری جاں بحق
بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 3 شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا کہ بھارتی فورسز نے نکیال سیکٹر کے گاؤں تورٹی نڑھ میں شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ 3 زخمی بھی ہوگئے، جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نکیال سیکٹر منتقل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھی موثر جواب دیا گیا اور پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی چوکیاں کو تباہ کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری جاں بحق
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارت کی جانب سے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں ایک نوجوان سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے تھے۔
اس واقعے کے بعد دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا تھا۔
س سے قبل 19 فروری کو بھارتی فورسز کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ بچہ شہید ہو گیا تھا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دو فوجیوں سمیت بھارتی پوسٹ کو نشانہ بنا کر پوری طرح تباہ کردیا تھا۔
اسی ماہ کی 6 تاریخ کو ایل او سی پر بھارتی شیلنگ سے آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو شہری جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ یکم فروری کو بھی بھارت کی جانب سے شیلنگ سے 4 خواتین سمیت 8 شہری زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 335 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 15 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق
اس کے علاوہ بھارت نے سب سے زیادہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی گزشتہ برس کی اور ایک سال کے دوران 1970 مرتبہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔