• KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am
  • KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am

پریانکا چوپڑا کی تصویر پر اسمبلی میں ہنگامہ

شائع February 20, 2018
—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا اگرچہ ان دنوں اپنے آنے والے امریکی ایکشن تھرلر ڈرامہ ’کوانٹیکو 3‘ اور دیگر ہولی وڈ فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ان کی ایک تصویر پر بھارتی ریاست آسام کی اسمبلی میں ہنگامہ ہوگیا۔

پریانکا چوپڑا کی قدرے بولڈ تصویر پر ریاست آسام کی اسمبلی میں سب سے پہلے اپوزیشن جماعت کانگریس کی خواتین نے احتجاج شروع کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے بحث میں تبدیل ہوگیا۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا ریاست آسام کی سیاحت و ثقافت کی سفیر ہیں، وہ آسام ٹوئرزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (اے ٹی ڈی سی) کی جانب سے ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے جانے والے مختلف منصوبوں کا حصہ ہوتی ہیں۔

ان کی جس تصویر پر ریاستی اسمبلی میں ہنگامہ ہوا، وہ بھی ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شائع کیے گئے ٹوئر کیلینڈر کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست آسام میں سیلاب’پریانکا چوپڑا پرالزام‘

اس تصویر میں پریانکا چوپڑا کو آسام کا روایتی لباس نہیں بلکہ قدرے اسٹائلش اور بولڈ لباس پہنا ہوا ہے۔

تصویر میں پریانکا چوپڑا نے قدرے بولڈ لباس پہنا ہوا ہے، اور ان کا سینا کھلا ہوا ہے، جب کہ انہیں سر پر سرخ رنگ کی روایتی ٹوپی ہے۔

دکن کیرونیکل نے ریاست آسام کے مقامی نشریاتی ادارے ٹائمز 8 کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پریانکا چوپڑا کی اس تصویر پر ریاستی اسمبلی کی رکن نندیتا داس نے سب سے پہلے اعتراض اٹھایا۔

نندیتا داس نے پریانکا چوپڑا کے کھلے سینے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست آسام کی ثقافت نہیں ہے، جب کہ انہوں نے اداکارہ کے لباس کو بھی ریاستی ثقافت کے برعکس قرار دیا۔

نندیتا داس کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے رپجیوتی کرمی نے بھی کہا کہ پریانکا چوپڑا کا لباس اور حلیہ ریاستی ثقافت کی عکاسی نہیں کرتا۔

—فوٹو: ٹائمز 8
—فوٹو: ٹائمز 8

ارکان اسمبلی نے پریانکا چوپڑا کی تصویر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اداکارہ کو عہدے سے فارغ کرکے مقامی اداکاراؤں کو اس عہدے پر رکھے۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے بھارتی اداکاراؤں کی کمائی پرسوالات اٹھادیے

ارکان کا کہنا تھا کہ آسام کے مقامی اداکار بھی خوبصورت ہیں اور وہ ریاست کی سیاحت و ثقافت کو بہتر انداز میں پیش کرسکیں گے۔

دوسری جانب سے ٹوئرزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن نے ارکان اسمبلی کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا کی تصویر کے حق میں دلیل دی اور کہا کہ جس کیلینڈر میں اداکارہ کی ایسی تصویر شائع کی گئی وہ عالمی کیلینڈر ہے۔

ادارے کے مطابق چوں کہ پریانکا چوپڑا عالمی سطح پر مشہور ہیں، اور ادارہ عالمی سطح پر ریاست کی سیاحت کو فروغ دینا چاہتا ہے اس لیے اداکارہ کی تصویر اسی طرح شائع کی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس بھی اداکارہ کو ریاست کی سیاحت و ثقافت کی سفیر ہونے کے ناتے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جولائی 2017 میں ریاست آسام میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب و طوفان سے ریاست کے 32 اضلاع متاثر ہوئے تھے، جس وجہ سے 17 لاکھ افراد وقتی طور پر بے گھر ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا بدترین اداکارہ نامزد ہونے سے بچ گئیں

سیلاب اور طوفان آنے کے باوجود پریانکا چوپڑا کی جانب سے ریاست کا دورہ نہ کرنے اور یہاں تک کہ ریاست کے لیے سوشل میڈیا پر ایک بھی پوسٹ شیئر نہ کیے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

پریانکا چوپڑا کو سب سے پہلے مقامی ماڈل ماہیکا شرما نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ متاثرین کی مدد کرنے کی طاقت رکھنے کے باوجود ان کے لیے کچھ نہیں کر رہیں۔

ماہیکا شرما کا کہنا تھا کہ مدد تو دور کی بات پریانکا چوپڑا نے ریاست آسام کے متاثرین کے لیے سوشل میڈیا پر ہمدردی کی ایک پوسٹ بھی نہیں کی۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024