صائمہ اور سید نور نے طلاق کی افواہوں کو مسترد کردیا
لولی وڈ فلم ساز سید نور اور اداکارہ صائمہ سے متعلق گزشتہ چند دن سے چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔
خبریں تھیں کہ اختلافات کے باعث سید نور اور صائمہ نے طلاق کا فیصلہ کرلیا، جب کہ اختلافات شدید ہونے کی وجہ سے دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی۔
خبروں میں بتایا گیا تھا کہ سید نور چاہتے ہیں کہ ان کی اہلیہ گھریلو ذمہ داریاں سنبھالے، جب کہ صائمہ واپس شوبز کی دنیا میں آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
تاہم اب سید نور اور صائمہ نے اپنی شادی اور تعلقات کی وضاحت کرتے ہوئے ان افواہوں کو مسترد کردیا ہے کہ ان دونوں میں علیحدگی یا طلاق ہوگئی۔
سپورٹ پاکستانی میڈیا نامی فیس بک پیج نے سید نور اور صائمہ کی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے نہ صرف ایسی خبروں کی تردید کی، بلکہ جھوٹی خبریں شائع کرنے والے نشریاتی و سوشل میڈیا اداروں کے خلاف کارروائی کی دھمکی بھی دی۔
ریلیز کی گئی ویڈیو میں سید نور نے واضح کیا کہ خودساختہ نشریاتی و سوشل میڈیا اداروں کی جانب سے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹ اور بددیانتی پر مبنی خبریں چلائیں گئیں۔
انہوں نے صائمہ اور اپنی علیحدگی سے متعلق خبر کو بیہودہ اور گھٹیا قرار دیتے ہوئے اس بات پر بھی خدا کا شکر ادا کیا کہ ان کے اور ان کی اہلیہ کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے خبر شائع کرنے والے ’اردو ڈاٹ کام‘ اور’راز رنگ‘ کے خلاف بھی کارروائی کرنے اور عدالت جانے کا اعلان کیا۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ اگر ان اداروں نے اپنی خبروں میں معافی نہیں مانگی تو وہ ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔
قریبا 2 منٹ دورانیے کی اس ویڈیو میں ان کے ساتھ اہلیہ صائمہ بھی موجود تھیں، جو انتہائی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیں۔
سید نور کا کہنا تھا کہ اگرچہ صائمہ انتہائی کم سوشل میڈیا استعمال کرتی ہیں، تاہم وہ اپنے حوالے سے جھوٹی خبر شائع ہونے پر پریشان ہیں، اور وضاحت کرنا چاہتی ہیں۔
صائمہ نے اپنی علیحدگی اور طلاق سے متعلق خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس خبر سے بہت تکیلف پہنچیں۔
صائمہ نے بھی اس بات پر خدا کے شکرانے ادا کیے کہ ان کے تعلقات اچھے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ بہت خوش رہیں گے۔
صائمہ نے بھی خبر کو بکواس اور جھوٹ قرار دیا، جب کہ سید نور نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ان افراد میں سے نہیں ہیں جو چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑیں اور انہیں سامنے لے آئیں۔
تین دن قبل بھی ایکسپریس ٹربیون نے سید نور اور صائمہ کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں انہوں نے اپنی طلاق اور علیحدگی کی خبروں کو مسترد کیا تھا۔
خیال رہے کہ سید نور اور صائمہ نے 2005 میں خاموشی سے شادی کرلی تھی، تاہم انہوں نے اس کا باقاعدہ اعلان 2007 میں کیا۔
فلم اسٹار صائمہ نے 2007 میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سید نور سے 2 سال قبل شادی کی تھی۔
سید نور کی صائمہ سے دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے صحافی رخسانہ نور سے شادی کی تھی، جو 15 سال تک کینسر کا مقابلہ کرنے کے بعد گزشتہ برس چل بسیں۔
صائمہ اور سید نور کے درمیان فلم ’گھونگھٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران تعلقات استوار ہوئے، اس فلم میں صائمہ کے علاوہ ریشم، شان اور ارباز خان بھی ایکشن میں نظر آئے تھے
رومانٹک تھرلر فلم میں صائمہ لولی وڈ اسٹار شان سے رومانس کرتی نظر آئی تھیں، 1996 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کا گانا ’دیکھا جو چہرہ تیرا‘ انتہائی مقبول ہوا تھا۔
صائمہ نے 1987 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اور انہوں نے اردو اور پنجابی زبانوں میں بننے والی 150 سے زائد فلموں میں کام کیا۔
67 سالہ سید نور نے فلم سازی کی شروعات 1970 میں کی، اور انہوں نے اب تک پنجابی اور اردو زبان کی 100 سے زائد فلمیں بنائی ہیں۔
سید نور کی آخری فلم گزشتہ برس ریلیز ہونے والی ’چین آئے نہ‘ تھی، جو باکس آفس پر خاص کمائی کرنے میں ناکام رہی۔