• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک فوج کا دستہ سعودی عرب میں تعینات ہوگا، آئی ایس پی آر

شائع February 15, 2018

پاک فوج کا ایک دستہ ٹریننگ اور مشاورتی مشن پر سعودی عرب میں تعینات کردیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق فوجی دستے کو 'ٹریننگ اور ایڈوائزری مشن' پر تعینات کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعلان جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ اور نواف سعیدالمالکی کے درمیان ملاقات میں 'باہمی دلچسپی' کے امور سمیت خطے کی سلامتی کی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا دستہ سعودی عرب میں پہلے سے موجود پاکستانی فوجیوں میں شامل ہوگا اور 'سعودی عرب سے باہر کہیں تعینات نہیں ہوگا'۔

خیال رہے کہ 1982 کے دوطرفہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں پاکستان کے ایک ہزار 180 کے قریب فوجی موجود ہیں اور رپورٹ کے مطابق وہاں پر تعینات اکثر فوجی ٹریننگ اور مشاورتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:اسلامی عسکری اتحاد رکن ممالک کی معاونت کرے گا،جنرل راحیل

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات ہیں جبکہ پاکستان، سعودی عرب کی سربراہی میں گزشتہ سال بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کے 41 اراکین میں شامل ہے جس کی سربراہی سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاح گزشتہ برس سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کیا تھا۔

پاک فوج کے سابق سربراہ اور عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر کہا تھا کہ 'ہمارے کئی رکن ممالک دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑنے کے لیے مسلح فوج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی صلاحیت میں کمی کے باعث شدید دباؤ میں ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آئی ایم سی ٹی سی رکن ممالک کو اپنی ریاستوں میں انسداد دہشت گردی کارروائی کے لیے خفیہ معلومات کی ترسیل اور صلاحیت کو بہتر بنانے میں معاونت کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کردار ادا کر ےگا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024