• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کی وفات ’قومی نقصان‘ قرار

شائع February 13, 2018

اسلام آباد: سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے انسانی حقوق کی کارکن اور معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کی اچانک موت کو ’قومی نقصان‘ قرار دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دونوں ایوانوں کی جانب سے عاصمہ جہانگیر کی انسانی حقوق کے لیے خدمات، قانون کی بالادستی اور آئین اور عدلیہ کی آزادی کے خدمات پر متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی جبکہ ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

سینیٹ میں قائد ایوان راجا ظفر الحق جبکہ قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے تمام جماعتوں کی جانب سے قرار داد پیش کی۔

مزید پڑھیں: معروف قانون دان، سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر انتقال کر گئیں

قومی اسمبلی میں پیش کردہ قرار داد بحث کے بعد منظور ہوئی جبکہ سینیٹ میں اسے بغیر بحث کے منظور کیا گیا اور چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اعلان کیا کہ منگل کو سینیٹ اجلاس میں عاصمہ جہانگیر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ مرحومہ نے انسانی حقوق، غریبوں، قیدیوں اور تشدد کا شکار لوگوں کے لیے آواز اٹھائی اور ان کے حقوق کا دفاع کیا، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے صنفی یا مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنے والوں کے حقوق کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔

دوسری جانب سینیٹ میں پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ ’عاصمہ جہانگیر اقلیتوں اور خواتین پر حملہ کرنے والوں کے خلاف نڈر ہو کر بات کرتی تھیں اور انہیں معاشرے کے محروم اور متاثرہ طبقے کے مقدمات لڑنے کے حوالے سے بھی جانا جاتا تھا‘

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ عاصمہ جہانگیر ایک بہادر خاتون تھیں اور وہ نہ صرف دیگر خواتین کو اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونے بلکہ معاشرے میں موجود قدامت پسند ذہنوں کے طوق کو توڑنے کے لیے بھی حوصلہ دیتی تھیں۔

سرکاری اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ کا مطالبہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سینئر وکیل اور معرف سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کو قومی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کرنے کی درخواست کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو لکھے گئے خط میں درخواست کی کہ عاصمہ جہانگیر کو قومی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے جبکہ صوبہ سندھ میں معروف وکیل کے انتقال پر قومی پرچم سرنگو رکھنے کی بھی استدعا کی گئی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے فون پر بات کی اور زور دیا کہ وہ عاصمہ جہانگیر کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عاصمہ جہانگیر کی قومی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے، مراد علی شاہ کی درخواست

دریں اثناء عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سیاست دانوں، وکلاء، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد تعزیت کے لیے مرحومہ کے گھر آنے کا سلسلہ جاری رہا اور ان کی خدمات اور اصولوں پر کھڑا رہنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ عاصمہ جہانگیر کے گھر گئے اور ان کے شوہر طاہر جہانگیر، حنا جیلانی، بیٹی منیزے جہانگیر اور دیگر اہل خانہ سے سینئر وکیل کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024