• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

دوسری جنگ عظیم کے بم کی دریافت پر لندن ایئر پورٹ بند

شائع February 12, 2018

برطانیہ کے لندن ایئرپورٹ کو اس وقت بند کردیا گیا جب تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں نے ایئر پورٹ کے قریب سے گزرنے والے دریائے تھامس سے دوسری جنگ عظیم میں استعمال کیا جانے والا بم برآمد کیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق لندن ایئرپورٹ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تعمیراتی کام کے دوران دوسری جنگ عظیم کے بم کی کنگ جورج فائیو ڈوک پر دریافت کے بعد لندن شہر کا ایئرپورٹ بند کردیا گیا‘۔

مزید پڑھیں: جاپانی نیوکلیئر پلانٹ سے 'جنگِ عظیم دوم کا بم' برآمد

بم دریافت ہونے کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس کو اس مقام پر طلب کیا گیا، جنہوں نے اس مقام کے اطراف میں رائل نیوی کی تعیناتی اور بم کی ساخت کے حوالے سے تصدیق کی۔

ایئرپورٹ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایئرپورٹ کا عملہ میٹ پولیس، رائل نیوی اور دیگر اداروں سے مکمل تعاون کررہا ہے‘۔

میٹ پولیس کے مطابق بم کو مذکورہ مقام سے ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ رائل نیوی نے بم کے اطراف میں 214 میٹر کا علاقہ خالی کردیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں قیمتی جانوں کو محفوظ کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: 'جنگ عظیم دوم کے بعد بدترین انسانی بحران کا سامنا'

یاد رہے کہ مذکورہ ایئر پورٹ بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جہاں سے تجارت سے وابستہ افراد برطانیہ، یورپ اور امریکا کے لیے روانہ ہوتے ہیں تاہم یہ ایئر پورٹ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے رقبے کے لحاظ سے چھوٹا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ مذکورہ ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقے میں دوسری جنگ عظیم کے موقع پر انتہائی گنجان آباد تھا اور یہاں متعدد بڑی صنعتیں قائم تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اگست میں جاپان کے فوکوشیما جوہری پلانٹ کے احاطے سے مبینہ طور پر جنگ عظیم دوم کا بم برآمد ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024