سال 2017 میں امریکا پاکستان کی دو طرفہ تجارت میں ریکارڈ اضافہ
امریکا اور پاکستان کے درمیان جاری تنازع کے باوجود دونوں ممالک میں سال 2017 میں تجارت میں اضافے نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ امریکا اور پاکستان کے دو طرفہ تجارت نے 2017 میں 6 ارب ڈالر کی اعلیٰ ترین سطح کو عبور کرنے کا ریکارڈ بنادیا۔
مزید پڑھیں: امریکا کا پاکستان کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کا عزم
اسی دوران پاکستان میں مقیم امریکی سفارت کار ڈیوڈ ہیل نے امریکی بزنس کونسل برائے پاکستان کے صدر کامران نشات اور ان کی ایگزیکیٹو کمیٹی سے ملاقات کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارت کار نے پاکستان کا امریکا کی کورپوریٹ اداروں سے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون سے دو طرفہ معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا مثبت چہرہ دکھانے کے لیے امریکا میں مہم
انہوں نے کونسل کی جانب سے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان میں ماحول پیدا کرنے پر پاکستانی حکومت کا تعاون کرنے کو سراہا۔
امریکی وفد نے امید ظاہر کی کہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔