پنجاب میں بچے سے ’بدفعلی‘ کا ایک اور واقعہ
پنجاب پولیس نے جہلم کے علاقے سعیلہ میں 8 سالہ بچے کو مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ابتدائی ٹیسٹ میں بدفعلی کی تصدیق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سعیلہ میں زیر تعمیر مکان میں مزدور یاسر محمود چپس رگڑائی کا کام کر رہا تھا، جس نے 8 سالہ بلال عارف کو چھت پر لے جاکر مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: 6 ماہ میں 10 کم سن بچوں کا ریپ اور قتل
پولیس کے مطابق بچے کے شور شرابے کی آواز سن کر اس کے اہل خانہ چھت پر پہنچے تو ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
بعد ازں بچے کے چچا ساجد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تھانہ صدر پولیس نے ملزم یاسر کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: زینب قتل: ملزم عمران مزید 7 بچیوں کے قتل کیسز میں نامزد
پولیس کے مطابق سول ہسپتال میں بدفعلی کا شکار بچے کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بدفعلی کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ملزم کے میڈیکل کے بعد نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیجے جائیں گے۔
خیال رہے کہ حالیہ کچھ ماہ کے دوران صوبہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بچوں کے ساتھ بد فعلی اور ریپ کے واقعات میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گزشتہ ماہ پنجاب کے علاقے قصور میں ایک ملزم نے کم سن زینب کو اور خیبرپختونخوا میں ایک علیحدہ واقعے میں اسماء کو ریپ کے بعد قتل کردیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں