وکلاء کے غیرقانونی چیمبرز کی تعمیر پر عدالت عظمیٰ کا از خود نوٹس
چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد ایف 8 کے فٹ بال گراؤنڈ میں تجاوزات کا از خود نوٹس لے کر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے 3 روز میں رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میڈیا پر خبر نشر ہوئی تھی کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن (آئی بی اے) کے وکلاء ایف 8 کچہری سے متصل گراؤنڈ میں چیمبر تعمیر کررہے ہیں۔
یہ پڑھیں: چیف جسٹس نے طلال چوہدری کی تقریر پر توہین عدالت کا نوٹس بھجوادیا
خیال رہے کہ اس حوالے سے وکلاء گراؤنڈ کے نصف حصے پر اپنے چیمبرز تعمیر کر چکے ہیں اسی دوران بعض فورمز پر تعمیرات کے خلاف اٹھنے والی آواز کی وجہ سے عارضی تعمیرات کا سلسلہ روک دیا گیا تاہم پھر دسمبر 2017 کو دوبارہ چیمرز کی تعمیرات کا کام شروع ہوگیا۔
بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد کے مطابق چیمبرز کی تعمیرات کا آغاز گزشتہ بار کابینہ نے شروع کروایا تاہم وہ اس فیصلے کو واپس نہیں لے سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی: سپریم کورٹ نے عوامی نوٹس جاری کردیا
اس حوالے سے سی ڈی اے نے وکلاء کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے معاملے سے ہاتھ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر سپریم کورٹ از خود نوٹس لے۔
سی ڈی اے کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘ہم وکلاء سے نہیں لڑ سکتے تاہم سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ ہی تجاوزات کے خلاف نوٹس لے جس طرح وہ دیگر معاملات کا نوٹس لے لیتی ہیں’۔