• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

مظفر آباد:جیپ گہری کھائی میں گرنے سے نومولود سمیت 5 افراد جاں بحق

شائع February 5, 2018

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے قریب ایک جیپ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک نومولود سمیت 5 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

مقامی پولیس کے مطابق بٹ نارہ گاؤں سے نوسادہ جانے والی جیپ مظفر آباد سے 40 کلومیٹر دور حادثے کا شکار ہوئی۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جیپ پہاڑی علاقے میں موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوگئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں نومولود سمیت 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بورے والا: مسافر بس کو حادثہ، 4 افراد ہلاک

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر مظفر آباد میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

جاں بحق افراد کی شناخت عابد ولد عبدالحمید، شہزاد ولد بشیر، رفیق ولد جمشید، نومولود احمد ولد عتیق اور خوشنودہ بی بی زوجہ مختیار کے نام سے ہوئی۔

زخمی ہونے والے افراد کی شناخت ساجد ولد عبدالحمید، زلیخہ زوجہ مظفر، عدیل ولد مظفر، زلیخہ زوجہ محمد حسین، تبسم زوجہ عتیق، حماد ولد عتیق، عبدالرشید ولد میراللہ، حفیظ ولد محمد صدیق، مختیار ولد کبیر کے نام سے کی گئی۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں خطرناک راستوں کے باعث ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں جہاں شہریوں کی قیمتی جانیں چلی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ موسم سرما میں پاکستان کی شاہراہوں پر حادثات کی شرح بڑھ جاتی ہے جس کی اہم وجہ دھند ہے۔

مزید پڑھیں: نوشہرو فیروز: پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ، 4 اہلکار جاں بحق

گزشتہ ہفتے صوبہ پنجاب کے علاقے راجن پور میں ٹرک نے کار کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 ایف سی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا تھا۔

21 دسمبر 2017 کو لاہور سے راجن پور جانے والی بس تیز رفتاری اور شدید دھند کے باعث ٹریلر سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024