• KHI: Maghrib 6:01pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:18pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:18pm Isha 6:46pm
  • KHI: Maghrib 6:01pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:18pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:18pm Isha 6:46pm

میرہزارخان بجارانی نے پہلے اہلیہ کو قتل کیا،پھر خود کشی کی، پولیس

شائع February 2, 2018

سندھ کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی پراسرار موت کی ابتدائی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

ڈان نیوز کو حاصل ہونے والی پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی کاپی کے مطابق میر ہزار خان بجارانی نے پہلے اپنی اہلیہ فریحہ رزاق کو مارا اور پھر خود کشی کرلی۔

پولیس تفصیلات کے مطابق اس واقعے کے بعد 6 افراد سے تفتیش کی گئی، جس میں 2 پولیس گارڈز اور 4 گھریلو ملازمین شامل تھے۔

مزید پڑھیں: صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اہلیہ سمیت پُر اسرار طور پر ہلاک

پولیس رپورٹ — فوٹو: ڈان نیوز
پولیس رپورٹ — فوٹو: ڈان نیوز

پولیس تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ میاں اور بیوی میں کچھ دنوں سے کسی معاملے پر تنازعات چل رہے تھے۔

پولیس تفصیلات میں بتایا گیا کہ 2 بج کر 30 منٹ پر درخشاں پولیس کو واقعہ کی اطلاع ملی، جس میں کہا گیا کہ صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں پڑی ہیں۔

پولیس جب ہاؤس نمبر 36 پر پہنچی تو گھر کا کمرہ اندر سے بند تھا جبکہ دروازے کو ان کے بیٹے اور ملازمین نے توڑا اور وہ اندر داخل ہوئے۔

ڈی آئی جی جنوبی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جب دروازہ توڑا گیا تو پہلے فلور پر اسٹڈی روم کے داخلی راستے پر فریحہ رزاق جبکہ اسی کمرے میں میر ہزار خان بجارانی کی لاش صوفے پر پڑیں ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 4 خالی خول، 3 مس فائر کی گئی گولیاں اور 2 گولیاں ملی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ تحقیقات اور فرانزک ٹیم نے تمام شواہد اکھٹے کیے جبکہ خالی خول، فنگر پرنٹس اور خون کے نمونے بھی فرانزک کے لیے بجوادیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’میر ہزار خان بجارانی کی ہلاکت پیپلزپارٹی کے لیے بہت بڑا نقصان’

پولیس کے مطابق کرائم سین کو دیکھ کر لگا کہ دونوں کو گولیاں ماری گئی ہیں، تاہم ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کے صوبائی وزیر کو ایک گولی لگی، جو دائیں جانب سے داخل ہوئی اور بائیں جانب سے نکل گئی جبکہ فریحہ رزاق کو تین گولیاں لگیں، جس میں ایک گولی سر میں لگی جو بائیں جانب سے گھس کر دائیں کان سے نکلی جبکہ 2 گولیاں فریحہ رزاق کے پیٹ پر لگیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ کرائم سین مکمل طور پر محفوظ ہے اور گھر میں موجود ڈی وی آر اور سی سی ٹی وی فوٹیج ایکزیمینیشن کے لیے بھیج دی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی میر ہزار خان بجارانی اہلیہ سمیت اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

دریں اثناء صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ کشمور جبکہ ان کی اہلییہ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔

میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کراچی میں مرحوم صوبائی وزیر کی اہلیہ کی نماز جنازہ ڈیفنس کی مسجد میں ادا کی گئی، جس میں شہریوں اور عزیز و اقارب سمیت گورنر سندھ محمد زبیر بھی شریک ہوئے۔

تبصرے (1) بند ہیں

سید شمسی Feb 02, 2018 03:20pm
رات کا وقت اور چار گولیوں کے چلنے کی آواز کتنی شدید ھے وہ بھی بند کمرے میںکاری گر لوگو ذرا اس پے بھی دھیان دو پاکستان پولیس کیا حسن نظر ھے یوں سمجھو عقل پے پتھر ھے !

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025