• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

واٹس ایپ مقبولیت میں یوٹیوب کے برابر

شائع February 1, 2018
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

واٹس ایپ نے مقبولیت کا ایک اور سنگ میل طے کرتے ہوئے دنیا بھر میں یوٹیوب جتنا مقبول ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

جی ہاں واٹس ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب تک جاپہنچی ہے اور یہ اس لحاظ سے اہم ہے کیونکہ یوٹیوب کے ماہانہ صارفین کی تعداد بھی اتنی ہی ہے۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے چوتھی سہ ماہی کے لیے کمپنی کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ واٹس ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے تجاوز کرچکی ہے اور اس میسجنگ اپلیکشن میں ساٹھ ارب پیغامات روزانہ بھیجے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ نے ایک اور سنگ میل طے کرلیا

واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں چھ ماہ کے دوران بیس کروڑ کا حیران کن اضافہ ہوا ہے کیونکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ تعداد ایک ارب 30 کروڑ تھی۔

خیال رہے کہ جب 2014 میں فیس بک نے واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز کو خریدا تھا تو اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد صرف 45 کروڑ تھی اور اب پانچ سال کے دوران اس میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔

اس میسجنگ اپلیکشن نے 2016 میں ایک ارب کا سنگ میل طے کیا تھا۔

مارک زکربرگ نے یہ بھی بتایا کہ اسنیپ چیٹ کی نقل پر اسٹوری یا اسٹیٹس نامی فیچر فیس بک کی ایپس میں متعارف کرایا گیا، اس میں انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے صارفین کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک نے 2 ارب صارفین کا سنگ میل طے کرلیا

اس وقت دونوں ایپس میں روزانہ تیس کروڑ افراد اسٹوری فیچر کو استعمال کررہے ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں اسنیپ چیٹ کے کل صارفین کی تعداد 17 کروڑ سے کچھ زیادہ ہے۔

مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ بہت جلد اسٹوریز پوسٹ کرنے کی شرح فیڈ پوسٹنگ سے بھی زیادہ ہوجائے گی۔

فیس بک نے جب واٹس ایپ کو خریدا تھا تو کچھ لوگوں نے اسے احمقانہ قرار دیا تھا کیونکہ ان کے خیال میں قیمت بہت زیادہ لگائی تھی مگر اب یہ فیصلہ درست نظر آتا ہے۔

اب فیس بک نے واٹس ایپ سے کمانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس مقصد کے لیے گزشتہ ماہ واٹس ایپ فار بزنس نامی ایپ بھی متعارف کرائی، جس میں کاروباری اداروں سے مختلف خدمات کے لیے فیس لی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024