صوابی میں فائرنگ سے تین خواجہ سرا زخمی
مردان: ضلع صوابی کے علاقہ یارحسین میں فائرنگ کے نتیجے میں تین خواجہ سرا زخمی ہوگئے۔
ملزمان نے مخفل موسیقی کے پروگرام میں خواجہ سراؤں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین خواجہ سرا زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والا خواجہ سرا ارشد عرف سلمیٰ تشویشناک حالت میں ایل آر ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: پشاور: خواجہ سرا کے ساتھ مبینہ 'گینگ ریپ'
ابتدائی تحقیقات کے مطابق تھانہ یارحسین میں بخت زادہ نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے خواجہ سرا وفا اور اسٹرابری کو مردان کمپلیکس ہسپتال کو منتقل کردیا گیا۔
خواجہ سرا ایسوسی ایشن کے صدر قمر نسیم کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تینوں افراد ایک تقریب سے واپس آرہے تھے کہ ملزمان نے ان سے زیادتی کی کوشش کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سال نو کے آغاز سے اب تک خواجہ سراؤں پر حملوں کے 22 واقعات سامنے آچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوابی میں خواجہ سرا کا گینگ ریپ، دو ہلاک
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں خواجہ سراؤں کی جانب سے زیادتی کی کوشش پر مزحمت کی گئی تھی جس پر حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔
خیال رہے کہ خواجہ سراؤں کے خلاف تشدد کے واقعات پاکستان میں اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔
اس سے قبل 23 جنوری 2018 کو پشاور میں 18 سالہ خواجہ سرا کو مبینہ طور پر 9 افراد کی جانب سے گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
22 اکتوبر 2017 کو پشاور پولیس نے عاشق آباد کے علاقے سے ایک خواجہ سرا کی تشدد زدہ لاش برآمد کی تھی جسے تین روز قبل قتل کیا گیا تھا۔