• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سلمان خان شادی سے قبل اپنی ہونے والی بیوی کے لیے فکرمند

شائع January 18, 2018
—فائل فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ
—فائل فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

بولی وڈ سلطان سلمان خان کی شادی نہ کرنے کا معاملہ کوئی نیا نہیں، میڈیا سمیت ان کے ساتھ اداکار و اداکارائیں بھی چاہتی ہیں کہ وہ جلد سے جلد شادی کرلیں۔

اپنے مداحوں، ساتھی اداکاروں و میڈیا کی شدید خواہش کے باوجود سلمان خان نے تاحال شادی نہیں کی، اور ان کے بتائے گئے حالیہ منصوبے کو نظر میں رکھتے ہوئے لگتا ہے کہ وہ مزید کم سے کم 2 سال تک شادی نہیں کرنے والے۔

لیکن اس کے باوجود 2018 کے شروع ہوتے ہی سلمان خان کی شادی کی خبریں گرم ہوگئی ہیں، کیوں کہ ان کی قریبی دوست رومانین اداکارہ یولیہ وانتور حال ہی میں ایک بولی وڈ منصوبے میں نظر آئیں۔

یولیہ وانتور کا دوسرا بھارتی گانا’ہرجائی‘ 2 دن قبل ریلیز کیا گیا، جس میں وہ بھارتی کلوگارمنیش پال اور سچن گپتا کے ساتھ گلوکاری و ماڈلنگ کرتی نظرآئیں، گلوکار منیش پال، سلمان خان کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔

اس گانے کی ریلیز سے قبل ہی یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں کہ سلمان خان چاہتے ہیں کہ شادی سے قبل یولیہ وانتور بولی وڈ میں اچھا نام کمانے میں کامیاب ہوجائے، جس وجہ سے ان کے دوستوں نے مل کر انہیں ایک بولی وڈ گانے کے منصوبے میں شامل کیا، تاکہ اسے انڈسٹری میں شامل ہونے کے مواقع مل سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اور میں صرف دوست ہیں، یولیہ وانتور

اگرچہ اس سے قبل بھی یولیہ وانتور 2016 میں ہمیش ریشمیا کے ساتھ گانے میں نظر آچکی تھیں، تاہم ان کے نئے گانے ’ہرجائی‘ کو ان کے اور سلمان خان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

اپنی دیرینہ دوست یولیہ وانتور کے گانے ریلیز ہونے کے موقع پرسلمان خان نےانڈیا ٹی وی پرچلنے والے پروگرام ’عوام کی عدالت‘ میں شرکت کی، جس میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر سمیت شادی کے حوالے سے بھی بات کی۔

شادی کی بات کرنے کے دوران سلمان خان نے رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل ہی اپنی ہونے والی اہلیہ اور بچے کی فکر میں مبتلا نظر آئے۔

شادی کب کریں گے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ شادی سے قبل ان پرعدالتوں میں جاری مقدمات ختم ہوجائیں، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی ہونے والی بیوی ان سے جیل ملنے آئے۔

سلمان خان نے اگرچہ یہ بات مزاح کے انداز میں کہی تاہم انہوں نے اپنے دل کی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جودھپورمیں ہرن کے غیر قانونی شکار اور ممبئی میں روڈ حادثے کے کیس سے بری ہونے کے بعد شادی کا سوچیں گے۔

ان کے مطابق اگرانہیں ان مقدمات میں قید کی سزا ہوجاتی ہے تو یہ کتنا عجیب لگے گا کہ ان کی بیوی ان سے ملنے جیل میں آئے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کیسا عجیب لگے گا کہ اگر ان کا بیٹا ان سے جیل میں ملنے آئے۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کا یولیہ کے ساتھ اپنے رشتے کا اعلان؟
—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

ساتھ ہی بولی وڈ ٹائیگر نے امید ظاہر کی کہ وہ یہ کیس جیت جائیں گے۔

سلمان خان نے اپنی گفتگو میں یہ نہیں بتایا کہ وہ کس سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب یولیہ وانتور نے بھی اپنا گانا ’ہرجائی‘ ریلیز ہونے کے بعد بھارتی میڈیا سے بات چیت کے دوران سلمان خان کے ساتھ دوستی کا اعتراف کیا۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبرمیں ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 37 یولیہ وانتورنے سلمان خان سے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اس بات پر فخر کیا کہ وہ بولی وڈ کے دبنگ ہیرو کی دوست ہیں۔

یولیہ وانتور کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلی بار بھارت آئیں تو انہوں نے یہاں کام کرنے کا نہیں سوچا تھا، تاہم اب انہیں یہاں کام کرکے اچھا لگ رہا ہے۔

یولیہ وانتور اور سلمان خان کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: انڈین ٹربیون
یولیہ وانتور اور سلمان خان کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: انڈین ٹربیون

اپنی اورسلمان خان کی شادی سے متعلق خبروں کے حوالے سے رومانیہ کی اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں سے باخبر ہیں، جن میں سے زیادہ ترخبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی دوست اداکارہ کی بولی وڈ میں انٹری

خبر کے مطابق یولیہ وانتور نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے سے روک تو نہیں سکتیں، تاہم وہ یہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ وہ سلمان خان کی بے حد عزت کرتی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے مبہم انداز میں کہا کہ انہیں نہیں پتہ کے آنے والا وقت کیسا ہوگا، اور انہیں زندگی کہاں لے جائے گی۔

خیال رہے کہ 37 سالہ یولیہ وانتور اور سلمان خان کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات کی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں، انہیں متعدد بار ایک ساتھ بھی دیکھا جا چکا ہے۔

یولیہ وانتور متعدد بار بھارت کا دورہ بھی کر چکی ہیں، جہاں انہوں نے سلمان خان کے اہل خانہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔

ان دونوں کے گہرے تعلقات کے باعث 2016 سے یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ سلمان خان کسی بھارتی اداکارہ کے بجائے یولیہ وانتور سے ہی شادی کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024