صبا قمرکا ودیابالن، سری دیوی اور عالیہ بھٹ سے مقابلہ
پاکستانی اداکارہ صبا قمر جو گزشتہ چند دنوں سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ انہیں بولی وڈ فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
صبا قمر کو بہترین اداکارہ کے لیے ان کی پہلی بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں شاندار اداکاری دکھانے پر نامزد کیا گیا۔
یوں انہوں نے ہم وطن اداکارہ ماہرہ خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بولی وڈ میں نیا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
ایوارڈ کے لیے پاکستانی اداکارہ کا مقابلہ بولی وڈ کی سینیئرو نئی ادکاراؤں سے ہوگا۔
صبا قمر کا جن اداکاراؤں سے مقابلہ ہوگا، ان میں سری دیوی، ودیا بالن، عالیہ بھٹ، بھومی پڈنیکر اور زائرہ وسیم شامل ہیں۔
فلم فیئر ایوارڈ کی جانب سے جاری نامزدگیوں کی فہرست کے مطابق جہاں صبا قمبر کو فلم ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری دکھانے پر بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، وہیں عرفان خان کو بھی اسی فلم میں اداکاری دکھانے پر بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین اداکار کے لیے نامزد ہونے والے دیگر اداکاروں میں ’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا‘ کے اکشے کمار، ’قابل‘ کے ہریتھک روشن، ’رئیس‘ کے شاہ رخ خان اور ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ کے ورون دھون شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ہونے کے ناتے شرمندگی اٹھانی پڑی، صبا قمر
حیران کن طور پر ’رئیس‘ کے شاہ رخ خان کو تو بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے، مگر اس فلم میں جلوہ گر ہونے والی پاکستانی اداکارہ ’ماہرہ خان‘ کو بہترین اداکارہ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔
’رئیس‘ کو بہترین فلم اور بہترین ڈائریکٹر کی کیٹیگری میں بھی نامزد نہیں کیا گیا، جب کہ ’ہندی میڈیم‘ کو بہترین اداکارہ و اداکار سمیت بہترین فلم و ڈائریکٹر سمیت بہترین شریک اداکار کی کیٹیگری میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ صبا قمر ’تمہاری سلو‘ کی ودیا بالن ’دی موم‘ کی سری دیوی، ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ کی عالیہ بھٹ’ سبھ منگل ساودھن‘ کی بھومی پڈنیکر اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی زائرہ وسیم کو شکست دینے میں کامیاب جاتی ہیں یا نہیں۔
خیال رہے کہ ’ہندی میڈیم‘ صبا قمر کی پہلی بولی وڈ فلم ہے، اسی فلم کی شوٹنگ کے لیے صبا قمر بیرون ملک گئی تھیں، جہاں انہیں پاکستانی ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹس پر جامع تلاشی دیے جاتے وقت شرمساری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں: بولی وڈ بھی صبا قمر کا دیوانہ ہوگیا
صبا قمر نے رواں ماہ پنجاب کے شہر قصور میں ریپ کے بعد بے دردی سے قتل کی بچی زینب کے واقعے پر بات کرتے ہوئے نجی ٹی وی ’اے پلس‘ کے مارننگ شو میں اس بات کا انکشاف کیا کہ انہیں پاکستانی ہونے کے باعث شرمندہ ہونا پڑا۔
اداکارہ نے روتے ہوئے کہا تھا کہ نہ صرف انہیں بلکہ بیرون ممالک کی ایئرپورٹس پر ان تمام لوگوں کو شرمندہ ہونا پڑتا ہے، جن کہ پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے۔
اگرچہ اداکارہ نے یہ بیان 2 ہفتے قبل دیا تھا، تاہم ان کا یہ بیان اب وائرل ہوا ہے۔