پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل ہونے کی افواہوں کو رد کردیا
کوئٹہ: سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے بلوچستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ کی جانب سے اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حوالے سے افواہوں کو رد کردیا۔
صوبائی دارالحکومت میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور سینیٹر کامل علی آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت سینیٹ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے منصوبے کا حصہ نہیں بنے گی۔
چوہدری پرویز الٰہی نے ان افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا جو کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ق) کے رکن کا 5 ارکان اسمبلی کے ساتھ وزیرِاعلیٰ بن جانا مینڈیٹ کی توہین ہے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قانون سازوں کو یہ جمہوری حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنا وزیرِ اعلیٰ منتخب کریں جبکہ ایک منتخب لیڈر آف ہاؤس کے خلاف پروپگنڈا کرنا ایک منتخب نمائندے کی توہین ہے۔
مزید پڑھیں: میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ بن گئے
چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ق) کے ارکان کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’مسلم لیگ (ق) کے ارکان کی پارٹی چھوڑنے کی خبریں چند لوگوں کی خواہش ہوسکتی ہیں، لیکن ان میں کوئی صداقت نہیں ہے‘۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ان کی جماعت تمام مسلم لیگی دھڑوں کو ایک چھتری تلے جمع کرنے کی کوششیں کر رہی ہے جبکہ امید ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سیاست دان بھی صوبوں اور مرکز میں حکومت قائم کرنے کے لیے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میر عبدالقدوس بزنجو بطور وزیرِ اعلیٰ، اللہ کی جانب سے رحمت ہیں جبکہ بلوچستان کا آئندہ چیف ایگزیکٹو بھی دوستوں اور اتحادیوں کی مدد سے مسلم لیگ (ق) سے ہی ہوگا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو سابق وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری سے زیادہ کام کر کے دکھائیں گے اور اپنی اس قلیل مدت میں وہ بلوچستان سے کرپشن ختم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں لوگوں کی زندگیوں میں حائل پریشانیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’مسلم لیگ(ق) اور پیپلز پارٹی بلوچستان میں سیاسی بحران کی ذمہ دار ہیں‘
اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ’صوبے میں لوگ دیکھیں گے کہ ان کے مسائل کو سنا جارہا ہے اور تیزی کے ساتھ حل بھی کیا جارہا ہے جبکہ وہ تمام اہم مسائل حل کیے جائیں گے جس کے لیے میں نے حلف لیا ہے‘۔
انہوں نے صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ گزشتہ حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید نہیں کریں گے جبکہ خود سخت محنت کے ساتھ لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر ربینہ عرفان، وزیرِ اعلیٰ کی مشیر برائے فنانس ڈاکٹر رقیہ سعید اور صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل بھی چوہدری پرویز الٰہی اور عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ موجود تھے۔
یہ خبر 16 جنوری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی