• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

شعیب ملک سر پر گیند لگنے کے سبب چوتھے ون ڈے سے باہر

شائع January 16, 2018
سر پر گیند لگنے کے بعد شعیب ملک درد کی شدت سے کراہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
سر پر گیند لگنے کے بعد شعیب ملک درد کی شدت سے کراہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے ون ڈے میچ میں بیٹنگ کے دوران سر پر گیند لگنے کے سبب تجربہ کار بلے باز شعیب ملک بقیہ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ہملٹن میں کھیلے جا رہے چوتھے ون ڈے میچ میں حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کی میدان میں آمد ہوئی لیکن اگلے ہی اوور میں سر پر گیند لگنے کے سبب وہ زمین بوس ہو گئے۔

مچل سینٹنر کی گیند پر انہوں نے رن لینے کی کوشش کی لیکن محمد حفیظ نے دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا جبکہ اس دوران نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے کور سے آ کر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھا شعیب کے سر پر لگی جو اس وقت بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ گیند شعیب ملک کے سر پر لگنے کے بعد باؤنڈری پار کر گئی جس سے تھرو کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

گیند لگنے کے بعد شعیب ملک زمین بوس ہو گئے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت محسوس ہوئی لیکن وہ جلد ہی بیٹنگ کیلئے تیار ہو گئے اور اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہوئے، انہوں نے چھ رنز بنائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک کی انجری کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پویلین لوٹنے کے بعد شعیب ملک کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور ان میں چوٹ کے کچھ آثار نظر آئے۔

قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وی پی سنگھ کے مطابق شعیب ملک ابھی ٹھیک ہیں اور آرام کر رہے ہیں لیکن طبی عملے کے مشورے پر وہ میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے۔

شعیب ملک کی انجری کے سبب سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں شرکت بھی مشکوک نظر آتی ہے تاہم ٹیم مینجمنٹ حتمی فیصلہ میچ سے قبل کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024