• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بل گیٹس کا پاکستان کی مالی امداد بڑھانے کا اعلان

شائع January 15, 2018

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی امداد معطل کرنے کے اعلان کے بعد دنیا کے امیر ترین آدمی اور آئی ٹی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وعدہ کیا ہے کہ ان کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی مالی امداد میں اضافہ کرے گی۔

نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایس ایس) کی وزیر سارہ افضل تارڑ کو موصول ایک خط میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کی تعریف کی۔

اس کے علاوہ مائیکروسافٹ کے بانی نے صحت کے شعبے میں ہونے والی جدت اور خاص طور پر ماں اور بچے کی دیکھ بھال اور تولیدی صحت کو مضبوط بنانے کے عمل کو تسلیم کیا۔

مزید پڑھیں: امریکا نے پاکستان کی سیکیورٹی امداد روک دی

خط میں یہ تجویز دی گئی کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ کو وزارت اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان رابطے کے لیے نامزد کیا جائے۔

اس حوالے سے این ایچ ایس کے حکام نے ڈان کو بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کی مدد میں اضافے کی توقع ہے اور نہ صرف پولیو کے خاتمے کے پروگرام بلکہ دیگر شعبہ جات کی امداد میں اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بل گیٹس نے اپنے تکنیکی ٹیم کو نامزد کردیا ہے اور امید ہے کہ وہ جلد وزارت کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی اور مختلف شعبوں میں اپنی معاونت کو حتمی شکل دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک پاکستان کو 72 ارب روپے دیئے جاچکے ہیں اور توقع یہ ہے کہ مستقبل میں امداد کی اس رقم میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن مخصوص ویکسینیشن مہم، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور آگہی فراہم کرنے کے لیے تکنیکی اور مالی وسائل فراہم کرتی ہے، اگرچہ ماضی میں اس کا واحد مقصد پولیو کے خاتمے کی مہم کی حمایت کرنا تھا مگر حالیہ بات چیت اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ فاؤنڈیشن صحت کے دیگر شعبوں میں بھی اپنی مدد کو بڑھانا چاہتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی امداد روک دی گئی تھی اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے بتایا تھا کہ واشنگٹن کی جانب سے کیا گیا یہ اعلان ہمیشہ کے لیے نہیں ہے اور اس سے صرف فوجی امداد پر اثر پڑے گا۔

ہیتھر نوریٹ کا کہنا تھا پاکستان کی جانب سے امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی سامنے آنے تک امداد کی منسوخی جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان کو 15 سال تک امداد دے کر بیوقوفی کی، ڈونلڈ ٹرمپ

اس سے قبل رواں سال کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکا نے پاکستان کو 15 سال میں 33 ارب ڈالر سے زائد امداد دے کر بے وقوفی کی، پاکستان نے امداد کے بدلے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ وہ ہمارے رہنماؤں کو بیوقوف سمجھتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتا ہے اور افغانستان میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے میں معمولی مدد ملتی ہے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔‘


یہ خبر 15 جنوری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024