• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

پدماوت کی نمائش پر بھارتی ریاستوں میں اختلاف

شائع January 14, 2018
فلم میں دپیکا پڈوکون کے تاثرات کو بھی تبدیل کیا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں دپیکا پڈوکون کے تاثرات کو بھی تبدیل کیا گیا ہے—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی تاریخی فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کیے جانے اور اس کے متعدد مناظر کو خارج کیے جانے کے باوجود فلم کی مشکلات میں کمی نہیں آئی اور بھارت کی ریاستیں فلم کی نمائش کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں۔

اگرچہ بھارتی عدالتوں اور فلم سینسر بورڈ نے ’پدماوتی‘ کو ’پدماوت‘ کرنے اور اس میں سے متعدد مناظر نکالنے کے بعد اسے نمائش کی اجازت دیدی ہے، تاہم اس کے باوجود بھی کئی ریاستی حکومتوں نے اس کی نمائش نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ فلم کی ٹیم نے ’پدماوت‘ کو رواں ماہ 25 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ دوسری جانب تاحال ہندو انتہاپسندوں کا فلم کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

دکن کیرونیکل کے مطابق ریاست ہما چل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ وہ ’پدماوت‘ کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

پہلے خیال کیا جا رہا تھا کہ ہما چل پردیش میں بھی ’پدماوت‘ کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل، فلم 25 جنوری کو ریلیز ہوگی

ادھر ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریاست گووا نے بھی ’پدماوت‘ کو سینما گھروں کی زینت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب فلم کا نام تبدیل کیے جانے اور اس میں سے متنازع مناظر خارج کیے جانے کے باوجود ریاست راجستھان، گجرات، مدھیا پردیش اور بہار نے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

بھارت کی دیگر کئی ریاستوں نے تاحال فلم کی نمائش یا پابندی سے متعلق حتمی اعلان نہیں کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ارونا چل پردیش، آندھرا پردیش، چندی گڑھ، چھتیس گڑھ، آسام اور ہریانہ میں بھی ’پدماوت‘ کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے گی۔

بھارت کی مجموعی طور پر29 خود مختار ریاستیں جب کہ 7 یونین ریاستیں یا علاقے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ 36 ریاستوں اور علاقوں میں سے کس کس جگہ پدماوت ریلیز ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: ریلیز کیلئے ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرنے کی شرط

’پدماوت‘ 13 ویں صدی کی ہندوستانی کہانی پر بنائی گئی فلم ہے، فلم کی مرکزی کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ شامل ہیں۔

فلم کی کہانی چتور گڑھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے جنہیں پدماوتی بھی کہا جاتا ہے، وہ بےحد خوبصورت تھیں، جن کی خوبصورتی کے چرچے سُن کر اور شیشے میں ان کی ایک جھلک دیکھ کر ظالم بادشاہ علاؤ الدین خلجی ان کا دیوانہ ہوگیا اور انہیں حاصل کرنے کے لیے پدماوتی کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو قتل کردیا۔

فلم میں دپیکا پڈوکون ’پدما وتی‘ شاہد کپور ان کے شوہر’ راجا راول رتن سنگھ ‘ اور رنویر سنگھ ’علاﺅ الدین خلجی‘ کے روپ میں نظر آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024