• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جیمز فرانکو پر بھی خواتین کا ہراساں کرنے کا الزام

شائع January 12, 2018
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

ہولی وڈ اداکار جیمز فرانکو پربھی 5 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کردیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن، ڈائریکٹر و اسکرین رائیٹر جیمز ٹوبیک، اداکارسلویسٹر اسٹولون اور جیفری ٹومبر سمیت دیگر مردوں پر بھی گزشتہ 6 ماہ کے دوران متعدد اداکاراؤں و خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کیے۔

سب سے پہلے اکتوبر 2017 میں 65 سالہ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر متعدد اداکاراؤں و خواتین نے الزامات لگائے، ان پر الزامات لگانے والی خواتین کی تعداد 100 تک جا پہنچی۔

ان کے بعد 72 سالہ ڈائریکٹر و رائیٹر جیمز ٹوبیک پر بھی متعدد خواتین نے اسی طرح کے الزامات عائد کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ: جنسی ہراساں کرنے کا ایک اور بڑا اسکینڈل

خواتین و اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات فلم ’ریمبو‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سلویسٹر اسٹالون اور براڈ پٹ پر بھی لگے۔

تاہم اب حال ہی میں امریکا میں منعقد ہونے والی ایوارڈ تقریب ’گولڈن گلوب‘ میں ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکار جیمز فرانکو پر بھی 5 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور فلموں میں غیرمناسب مناظر شوٹ کروانے کے لیے مجبور کرنے جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے امریکی اخبار ’لاس اینجلس ٹائمز‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جیمز فرانکو پر الزامات لگانے والی 5 خواتین میں سے 4 اداکار کی جانب سے ایکٹنگ کی تعلیم دینے والے اسکول میں پڑھنے والی طالبات ہیں۔

جیمز فرانکو کے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی 4 طالبات نے ان پر الزام لگایا کہ اداکار نے عہدوں اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں نامناسب اور برہنہ مناظر شوٹ کرنے پر مجبور کیا۔

مزید پڑھیں: اداکاراؤں کو ہراساں کرنے کے الزامات: اداکار ڈرامے سے الگ

اداکار پر الزام لگانے والی ایک اداکارہ جو ان کے اسکول میں تعلیم بھی حاصل کر چکی ہیں، انہوں نے بتایا کہ انہیں جیمز فرانکو نے 2015 میں بنائی گئی ایک فلم میں طوائف کے کردار کیلئے کاسٹ کیا، جس کے لیے ان سے نامناسب مناظر شوٹ کروائے گئے۔

خیال رہے کہ اس فلم کو تاحال ریلیز نہیں کیا گیا۔

جیمز فرانکو کے اسکول سے تعلیم حاصل کرنے والی دیگر لڑکیوں نے بھی ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے، ناموزوں سین شوٹ کروانے اورعہدے کا استعمال کرتے ہوئے غیر ضروری کام کروانے جیسے الزامات بھی عائد کیے۔

تاہم دوسری جانب جیمز فرانکو نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔

اداکار کے وکیل نے ایسے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان الزامات میں کوئی بھی صداقت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریمبو‘ نے لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزامات مسترد کردیے

خیال رہے کہ رواں ماہ 7 جنوری کو کیلیفورنیا میں ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈ میں جیمز فرانکو نے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف جاری احتجاج میں شریک ہوتے ہوئے مہم میں شرکت کی اور سیاہ لباس پہن کر تقریب میں شریک ہوئے۔

انہیں ’دی ڈزاسٹر آرٹسٹ سنڈے نائٹ‘ فلم میں بہترین اداکاری دکھانے پر ایوارڈ بھی دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024