کالعدم تنظیم کا سابق کمانڈر تربت میں ہلاک
گوادر: لیویز ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کے سابق کمانڈر کو تربت کے علاقے کیچ میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
لیویز حکام کا کہنا تھا کہ محمد بخش عرف جگو کو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے نصیر آباد کے علاقے میں اس کے گھر سے باہر نکلنے پر نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: 2017: بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 242 افراد جاں بحق ہوئے
ان کا کہنا تھا کہ محمد بخش پر مسلح افراد نے کئی گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور ان کی لاش کو تربت کے ضلعی ہسپتال منتقل کردیا تھا بعد ازاں قانونی چارہ جوئی کے بعد ان کی لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق جگو کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کا اہم کمانڈر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ تربت میں ملوث ’بی ایل ایف‘ کا کمانڈر ہلاک
تاہم نیشنل پارٹی کے رہنماء مولا بخش دشتی کے قتل کے بعد ان کے اور بی ایل ایف کی قیادت کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اختلافات کے باعث جگو نے بی ایل ایف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی الگ مسلح تنظیم بنانے کا اعلان کردیا تھا۔