• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

شائع January 10, 2018
—فائل/فوٹو: اے ایف پی
—فائل/فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا اور اوپنر احمد شہزاد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ عماد وسیم انجری کے باعث ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے کپتان سرفرازاحمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد 22 جنوری سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ایک روزہ سیریز کے اختتام پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا جبکہ 28 جنوری 2018 کو سیریز کا آخری میچ ہوگا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 'عماد وسیم تاحال گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں اور انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بحالی کے عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے'۔

مزید پڑھیں:قومی ٹیم کا ڈیونیڈن میں روایتی انداز میں پرتپاک استقبال

انھوں نے کہا کہ 'عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا جبکہ صہیب مقصود کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم میں انتخاب کے لیے زیرغور نہیں تھے تاہم وہ این سی اے میں بحالی کے عمل میں حصہ لیں گے'۔

ٹیم میں فاسٹ باؤلر عثمان شنواری بھی انجری کے باعث جگہ نہ بنا سکے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم میں عمر امین کو بھی شامل کرلیا گیا ہے جبکہ نوجوان آل راؤنڈر عامر یامین بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔

سرفرازاحمد (کپتان)، فخرزمان، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، عامریامین، محمد عامر، حسن علی، رومان رئیس، عمر امین

یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت ایک روزہ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں ابتدائی دومیچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور میزبان ٹیم کو 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024