• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں، شاہد خاقان عباسی

شائع January 8, 2018

سیالکوٹ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے نواز شریف کو وزیراعظم بنایا تھا اور وہی ہمارے لیڈر ہیں اور نااہل ہونے کے بعد آج بھی ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں۔

سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے جذبے کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ جولائی 2018 کے انتخابات میں بھی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے پولنگ اسٹیشنوں پر ہوتے ہیں اور جب بھی عدالتوں میں ایسے فیصلے کیے گئے پاکستان کے عوام نے اسے قبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہا آج جو سیاست دوسرے پلیٹ فارم سے ہوتی ہے وہ ہماری سیاست نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ خدمت، شرافت اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی سیاست کی ہے، ہم نے کبھی کسی پر الزامات نہیں لگائے، کسی کو گالی نہیں دی اور جب 2018 کے انتخابات کا فیصلہ آئے گا تو انشاءاللہ یہ نواز شریف کے حق میں ہوگا۔‘

مزید پڑھیں: جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کو ناکامی ہوگی، شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب 28 جولائی 2017 کو عدالت نے فیصلہ کیا تو ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن یہ مسلم لیگ (ن) کا سب سے بڑا اثاثہ ہے کہ کسی نے وزیر اعظم کے امیدوار کے لیے لابنگ نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور ہمیں کسی قسم کی شرمندگی نہیں ہے، ہماری جماعت نے اس ملک کے لیے جو کام کیا ہے وہ تاریخ میں کسی نے نہیں کیا اور جو مسائل ہم نے حل کیے ان پر اس سے پہلے کبھی توجہ نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت نے اس ملک میں امن و امان بحال کیا، چار سال قبل حکومت کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے ایسے حالات تھے کہ جمعے کی نماز پڑھنے جاتے تھے تو جلد ہی باہر نکلنے کی کوشش کرتے تھے کہ کہیں کوئی خودکش حملہ آور نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے خود کش حملہ آوروں کو ختم کردیا اور یہ سب نواز شریف، پاک افواج، وزیردفاع اور ساڑھے 6 ہزار جانوں کی قربانیوں کی بدولت ہوا کہ آج ہم امن سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 5 خطرناک شہروں میں شمار ہونے والا کراچی آج امن کا گہوارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ملک میں ترقی کی رفتار سست ہونے کے ذمہ دار شاہد خاقان عباسی نہیں‘

بجلی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی توقع نہیں تھی کہ یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے لیکن آج اس ملک میں زائد بجلی پیدا ہورہی ہے اور اگلے 15 سال تک ہوتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چار سال قبل گیس کے جو مسائل تھے وہ آج نہ ہونے کے برابر ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ گیس کی وافر مقدار دستیاب ہوگی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں پیپلزپارٹی کی حکومت اور آمریت رہی ہیں اگر وہ کام کرتے تو آج مشکلات نہ ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں ملک میں موٹروے کی لمبائی 580 کلو میٹر تھی جو اب 1800 کلو میٹر ہوچکی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جتنا صوبوں کو پیسا دیا اتنا کسی دورِ حکومت میں نہیں دیا گیا، جتنے اخراجات عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موجودہ حکومت نے اٹھائے انتے کسی نے نہیں کیے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں ملک نے ہر معاملے میں ترقی کی اور مسائل کو حل کیا گیا اور اب آئندہ انتخابات میں فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024