• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

’ملک میں ترقی کی رفتار سست ہونے کے ذمہ دار شاہد خاقان عباسی نہیں‘

شائع January 6, 2018

کوٹ مؤمن: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ترقی کا سفر سست ہونے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی قصوروار نہیں بلکہ میری نااہلی کے بعد مہنگائی اور بے روزگاری نے سراٹھالیا۔

کوٹ مؤمن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ نہیں بلکہ عدالتی فیصلے کے خلاف عوام کا فیصلہ ہے اور اللہ کی شان ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے کرپشن کہاں کی ہے؟ اس کا جواب تو دینا پڑے گا اور بتانا پڑے گا کہ انہیں نااہل قرار دینا کیا صحیح فیصلہ ہے؟

انہوں نے کہا کہ ملک میں عوامی فیصلہ ہی راج کرے گا، اور ملک میں ’لاڈلے‘ کو کہیں جگہ نہیں ملے گی کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ لاڈلے کے علاوہ اور کون کون سازشی ہے۔

مزید پڑھیں: 'عمران خان اور نواز شریف کے کیس کا موازنہ کرنا ناممکن'

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عوام کی خدمت کا یہ صلہ دیاجارہا ہے۔

نواز شریف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاڈلہ قبول کرتا ہے کہ نیازی سروسز میری تھی، لیکن ’وہ‘ کہتے ہیں کہ نہیں تیری کوئی کمپنی نہیں ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا ’دوسروں پر تہمتیں لگانے والے تم سب سے کرپٹ آدمی ہو اور تم نے اسپتال کا پیسہ جوئے میں لگایا۔‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی نااہلی کے بعد مہنگائی اور بے روزگاری نے سراٹھالیا، اور ملک میں انتشار بھی پھیل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کا سفر سست ہونے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کوئی قصور نہیں وہ تو نہایت جواں مردی سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا عدالتی فیصلے نے نواز شریف کو نئی زندگی دے دی؟

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو کام 20 سالوں میں نہیں ہوئے وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صرف 4 سال کے قلیل عرصے میں کر کے دکھا دیئے۔

نواز شریف نے کہا کہ چار سالوں میں ملک کا رخ بدل دیا اور آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوچکی ہے۔

نواز شریف نے جلسہ عام سے خطاب کے دوران عوام سے ان کی عدل بحالی تحریک میں ساتھ مانگ لیا۔

عدلیہ بحال کرائی تھی، عدل بھی بحال کرائیں گے

قبلِ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف عوام کے ووٹ کی جنگ لڑنے کے لیے نکلے ہیں اور وہ عدل بھی بحال کرائیں گے۔

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عدلیہ کو بحال کرایا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، نواز شریف کے کیس میں کچھ بھی نہیں نکلا لیکن پھر کہا جارہا ہے کہ نواز شریف این آراو کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ لا کر پاکستانی عوامی کے ساتھ مذاق کیا گیا جبکہ پاناما کے نام پر نواز شریف کی تین نسلوں کا حساب کیا گیا۔

مریم نواز نے اپنے خطاب سے قبل ڈائس پر لگے ہوئے بلٹ پروف شیشے کو بھی ہٹوا دیا تھا۔

مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا جلسہ دیکھ کر ن لیگ کی مقبولیت کا اندازہ ہوگیا اور مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات بھی جیت جائے گی جبکہ مخالفین ووٹ نہیں لے سکتے اس لیے اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ نواز شریف کے ساتھ کسی عوامی جلسے میں آئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024