سعودی عرب: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ
ریاض: سعودی عرب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ کردیا گیا۔
سعودی گزٹ اور العربیہ کی رپورٹس میں سرکاری خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا گیا کہ سعودی حکام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان گذشتہ رات دیر گئے کیا۔
رپورٹ کے مطابق اوکٹین 91 کی قیمت 0.75 سعودی ریال (22.11 روپے) فی لیٹر تھی جس کی نئی قیمت 1.37 سعودی ریال (40.39 روپے) فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے جبکہ اوکٹین 95 کی قیمت 0.90 سعودی ریال (26.53) فی لیٹر تھی جسے بڑھا کر 2.04 سعودی ریال (60.14 روپے) فی لیٹر کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی حکومت کا تمام غیرملکیوں کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا حکم
تاہم سعودی حکام کے مطابق صنعتوں کے لیے ڈیزل کی قیمت 0.378 سعودی ریال (11.14 روپے) فی لیٹر کردی گئی۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹ کے لیے ڈیزل کی قیمت 0.47 سعودی ریال (13.86 روپے) فی لیٹر پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا، اس کے ساتھ ہی مٹی کے تیل کی قیمت 0.64 سعودی ریال (18.87) فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
اعلان کے بعد سعودی عرب میں متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹیز مارکیٹ پر نظر رکھیں گی اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی دشواری کی نگرانی کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق مقرر وقت اور تاریخ سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سزا دی جائے گی، تاہم کسی بھی رپورٹ میں مقرر تاریخ اور وقت کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرپشن کے الزام میں گرفتار مزید دو سعودی شہزادے رہا
ادھر سعودی ارمکو اپنے صارفین کو جلد نئے اضافے کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔
واضح رہے کہ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے توانائی کے شعبے میں اعلان کردہ سبسڈی میں کمی کے منصوبے کی رفتار کم کردی ہے، خیال رہے کہ یہ اعلان گذشتہ ماہ 2018 کے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے کیا گیا تھا۔